Monday, September 16, 2024

ماڈل ایان علی کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنانے والے کسٹمز کلکٹر کا تبادلہ

ماڈل ایان علی کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنانے والے کسٹمز کلکٹر کا تبادلہ
April 7, 2016
اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) کرنسی اسمگلنگ کی ملزمہ ماڈل ایان علی کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے جرمانے کی سزا سنانے والے کسٹمز کلکٹر کو تبدیل کر دیا گیا۔ ماڈل ایان کی گرفتاری سے اب تک  کسٹمز کلکٹر کی تبدیلی کے ساتھ ساتھ کیس کے گواہ کے قتل جیسے سنگین واقعات ہو رہے ہیں جنہیں محض اتفاق قرار دے کر خاموشی اختیار کی جاتی رہی۔ کسٹمز کلکٹر محمد علی رضا نے غیرملکی کرنسی سمگلنگ کیس میں ماڈل ایان کو ساڑھے پانچ کروڑ روپے جرمانے کا حکم دیا تھا اور اس سے برآمد ہونے والے 5لاکھ سے زائد امریکی ڈالر بھی ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔ کسٹمز کلکٹریٹ محمد علی رضا کی عدالت میں گزشتہ 8ماہ سے ماڈل ایان کے خلاف کیس زیرسماعت تھا۔ 3مارچ کو ایان علی کو حتمی نوٹس جاری کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کیا گیا اور ایک ماہ بعد یکم اپریل کو فیصلہ سنایا گیا۔ دلچسپ امر یہ ہے کہ ماڈل ایان کے خلاف فیصلے کے عین دوسرے روز ہی کلکٹر محمد علی رضا ہنجرا کا تبادلہ گلگت بلتستان کر دیا گیا جو محض معمول کی کارروائی ہے یا اس کے پیچھے کچھ اور عوامل کارفرما ہیں اس حوالے سے اصل حقائق تو سامنے نہیں آسکے تاہم ان کے تبادلے کی ٹائمنگ بہت اہم ہے کیونکہ ماڈل ایان کیس سے متعلق ماضی میں کچھ اہم واقعات رونما ہو چکے ہیِں۔ ایک سال قبل 28مارچ 2015 کو ماڈل ایان کے والد راجہ حفیظ کو اس وقت فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ ایان کی پیشی کے موقع پر ان سے ملاقات کے لئے کسٹم عدالت آرہے تھے جبکہ اسی طرز کا ایک اور واقعہ اس وقت ہوا جب ایان کے خلاف کیس کے گواہ کسٹم انسپکٹر چوہدری اعجاز راولپنڈی میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے قتل ہو گئے جسے بعد میں ڈکیتی کا واقعہ قرار دیا گیا تاہم دونوں واقعات کے ملزم ابھی تک گرفتار نہیں ہو سکے۔ مقدمے کے آغاز پر ٹرائل کورٹ کے جج کی طویل رخصت بھی انہی اتفاقات میں شامل ہے۔ ماڈل ایان کی گرفتاری کے دوران کئی سنگین واقعاترونما ہو چکے ہیں تاہم متعلقہ اداروں نے انہیں سنجیدہ نہیں لیا۔