Thursday, May 9, 2024

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ ، پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ ، پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی
December 30, 2020

ماؤنٹ منگنوئی (92 نیوز) ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں محمد رضون اور فواد عالم کی مزاحمت بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکی۔ پہلے ٹیسٹ میں نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 101 رنز سے شکست دے دی۔

11سال سے زائد عرصے کے بعد  فواد عالم کی ٹیسٹ میں سنچری لیکن قومی ٹیم کیویز کے ہاتھوں شکست سے نہ بچ سکی۔ کپتان محمد رضوان اور فواد عالم کی بلیک کیپس کے باؤلرز کے سامنے مزاحمت بھی ٹیم کے کام نہ آسکی۔

ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز پاکستان نے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں تین وکٹوں پر 71 رنز سے اپنی دوسری اننگز کو آگے بڑھایا تو اظہر علی 4 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے 38 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

اظہر علی کے آؤٹ ہونے پر کپتان محمد رضوان اور فواد عالم نے کیویز باؤلرز کا ڈٹ کر سامنا کیا اور 165 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل سے نکالا اور ٹیم کو شکست سے بچنے کی امید دلائی۔

فواد عالم نے سنچری اسکور کرتے ہوئے 102 رنز بنائے اور محمد رضوان نے 60 رنز بنائے۔ فواد عالم اور محمد رضوان کے آؤٹ ہونے پر پاکستانی ٹیم کے لیے میچ بچانا مشکل ہو گیا اور پاکستانی ٹیم 271 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے جیمی سن ،ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 431 اور دوسری اننگز 180 رنز پر ڈیکلیئر کی۔ قومی ٹیم نے پہلی اننگز میں 239 رنز بنائے۔ نیوزی لینڈ کو دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہو گئی اور نیوزی لینڈ نے آئی سی سی ٹیسٹ چیپمئن شپ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔