Friday, May 17, 2024

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ، پاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز، نیوزی لینڈ کو 7 وکٹیں درکار

ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ، پاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز، نیوزی لینڈ کو 7 وکٹیں درکار
December 29, 2020

ماؤنٹ منگنوئی (92 نیوز) اوپنر ایک بار پھر ناکام ہوگئے، ماؤنٹ منگنوئی ٹیسٹ میں قومی ٹیم کا مایوس کُن آغاز، چوتھے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 3 وکٹوں پر 71 رنز بنا لیے۔ پاکستان کو جیتنے کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔ نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 180 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلئیر کی۔

شاہینوں کو پہلا ٹیسٹ بچانے کا چیلنج در پیش ہے، نیوزی لینڈ کے 373 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی بیٹنگ مشکلات کا شکار ہے، چوتھے روز کھیل کے اختتام پر 3 وکٹوں پر 71 رنز بنا لیے۔

ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کا آغاز مایوس کن رہا اور دونوں اوپنرز صفر پر ہی چلتے بنے، عابد علی اور شان مسعود کھاتا کھولے بغیر ہی پویلین لوٹ گئے۔ حارث سہیل بھی زیادہ دیر کریز پر نہ ٹک سکے اور 9 رنز بنا کر چلتے بنے۔

اظہر علی اور فواد عالم نے کچھ مزاحمت دکھائی اور 34 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے دن کے اختتام پر ٹیم کا اسکور 71 رنز تک پہنچا دیا۔ اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز بنا کر کریز پرموجود ہیں۔ قومی ٹیم کو جیت کے لیے مزید 302 رنز درکار ہیں۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساؤتھی نے دوسری اننگز میں دو وکٹیں لے کر ٹیسٹ میں 300 وکٹیں مکمل کیں۔

نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 180 رنز پانچ کھلاڑی آؤٹ پر ڈکلیئر کی، ٹام بلنڈل نے 64 اور ٹام لیتھم نے 53 رنز کی اننگز کھیلی۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔