Thursday, May 9, 2024

مانچسٹر ٹیسٹ ، انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دیدی

مانچسٹر ٹیسٹ ، انگلینڈ نے پاکستان کو تین وکٹوں سے شکست دیدی
August 8, 2020
مانچسٹر ( 92 نیوز) انگلینڈ نے پاکستان کو مانچسٹر ٹیسٹ  میں  تین وکٹوں سے شکست دیدی ،  جوزبٹلر اور کرس ووکس نے  پاکستان کے ہاتھ سے میچ چھین لیا ۔ جوزبٹلر نے 75اورکرس ووکس نے 84رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ۔شاندار آل راؤنڈکارکردگی پر کرس ووکس مین آف دی میچ قرارپائے ۔ کرس ووکس اور جوزبٹلر کی ذمہ دارانہ اور فاتحانہ اننگز نے انگلینڈکو مانچسٹرٹیسٹ کا فاتح بنادیا۔انگلینڈ نے چوتھے ہی روز سات وکٹوں کے نقصان پر 277رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔117رنز پر پانچ کھلاڑیوں کے آؤٹ ہونے کے باوجود جوزبٹلر اور کرس ووکس  پاکستانی باؤلرز کے دباؤ میں نہیں آئے ،دونوں نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 139رنز بنائے ۔ جوزبٹلر 256کے مجموعی اسکور پر 75رنز بناکر یاسر شاہ کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے،انکی اننگز میں ایک چھکا اورسات چوکے شامل تھے ۔ کرس ووکس میچ کے آخر تک ناقابل شکست رہے ،انہوں نےدس چوکوں کی مدد سے 84رنز کی فاتحانہ اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کرایا ۔ جوروٹ نے 42،ڈوم سبلی نے  36رنز بنائے ۔بین اسٹوکس9،اولی پوپ 7،روری برنز 10رنز بناسکے۔ شاہین شاہ آفریدی ،محمد عباس  اور نسیم شاہ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ یاسر شاہ نےدوسری اننگز میں بھی چاروکٹیں حاصل کیں ۔کرس ووکس شاندارآل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی قرارپائے ۔ انگلینڈکی ٹیم پہلی اننگز میں 219رنز بناکر آؤٹ ہوگئی تھی ، پاکستان نے پہلی اننگز میں 326اوردوسری اننگز میں 169رنز بنائے تھے ۔تین میچوں کی سیریز میں انگلینڈکو ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے  ۔ دوسراٹیسٹ میچ 13اگست سے ساؤتھمپٹن میں شروع ہوگا  ۔