Monday, May 13, 2024

مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ 219 رنز پر ڈھیر، پاکستانی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں فلاپ

مانچسٹر ٹیسٹ، انگلینڈ 219 رنز پر ڈھیر، پاکستانی بیٹنگ لائن دوسری اننگز میں فلاپ
August 7, 2020
مانچسٹر (92 نیوز) مانچسٹر ٹیسٹ کا تیسرا روز پاکستانی اورانگلش بالرز کے نام رہا۔ پہلی اننگز میں شاہینوں نے انگلش شیروں کو ٹف ٹائم دیا تو دوسری اننگز میں شاہین انگلش شیروں کے سامنے بے بس نظرآئے۔ تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 137 رنز پر 8 کھلاڑی پویلین لوٹ گئے۔ پاکستان کے 326 رنز کے جواب میں انگلش ٹیم پہلی اننگز میں 219 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، 107 رنز کی اچھی برتری کے باوجود پاکستانی بلے بازوں نے دوسری اننگز میں اچھا ٹوٹل کرنے کی کوشش ہی نہیں کی اور تو چل میں آیا کی پالیسی پر گامزن رہے۔ پہلی اننگز کے ہیرو شان مسعود کو دوسری اننگز میں کسی کی نظر لگ گئی اور وہ کھاتہ کھولے بغیر ہی واپس سدھار گئے۔ عابد علی کا اسکور 20 ہوا تو ان کا دل چھکا لگانے کو مچلا اور وہ کیچ تھما کر وکٹ گنوا بیٹھے۔ پاکستان کو تیسرا نقصان بابر اعظم کی شکل میں ہوا جو صرف پانچ رنز ہی بنا سکے۔ کپتان اظہر علی نے ایک بار پھر مایوس کیا اور 18 رنز بنا کر یہ جا وہ جا۔ اسد شفیق 29 کے انفرادی اسکور پر ایک غیر ضروری رنز لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہوگئے۔ محمد رضوان نے ایک بار پھر لمبی اننگز کھیلنے کا موقع گنوا دیا، وہ صرف 27 رنز ہی بنا پائے اور بین اسٹوکس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے، شاداب خان بھی صرف 15 رنز ہی بنا پائے۔ شاہین شاہ آفریدی دو رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دن کے اختتام پر یاسر شاہ بارہ اورمحمد عباس بغیر کوئی رنز بنائے کریز پر موجود ہیں۔ انگلینڈ کے کرس ووکس، بین اسٹوکس اور اسٹیورٹ براڈ نے دو، دو جبکہ ڈوم بیس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ پاکستان کو دوسری اننگز میں انگلش ٹیم کے خلاف 244 رنز کی برتری حاصل ہے۔