Wednesday, April 24, 2024

مانسہرہ : وزیراعظم کا تیل کی قیمتیں برقرار رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان

مانسہرہ : وزیراعظم کا تیل کی قیمتیں برقرار رکھنے اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان
April 28, 2016
مانسہرہ (92نیوز) وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ وہ دھرنوں نہیں ترقی کا ایجنڈا رکھتے ہیں۔ پاکستان کو دنیا کا بہترین ملک بنانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے موٹر وے کے حویلیاں تھاکوٹ سیکشن کا سنگ بنیاد اور دیگر منصوبوں کے ساتھ تیل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان بھی کردیا۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا میں نیا پاکستان کون بنا رہا ہے۔ ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے والوں کو عوام باہر پھینک دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے انکشافات پر اپوزیشن جماعتوں نے جو ہنگامہ مچایا ہے اس کا جواب وزیراعظم عوام سے رابطے بڑھا کر دے رہے ہیں بلکہ نوازشریف تو جارحانہ کھیلتے ہوئے پی ٹی آئی کے گڑھ میں پہنچ گئے۔ انہوں نے مانسہرہ میں آج جلسے سے خطاب کیا اور عوام کو پٹرول قیمتیں برقرار رکھنے کا اعلان کیا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارا ایجنڈا دھرنوں کا نہیں بلکہ عوام کی بہتری اور خوشحالی کا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی حکومت کی خدمات گنواتے ہوئے کہا کہ خیبرپختونخوا میں نیا پاکستان کون بنا رہا ہے۔ نعرے لگانے والوں سے عوام خود نمٹ لیں گے۔ وزیراعظم نے ایک بار پھر اعلان کیا کہ دوہزار اٹھارہ میں لوڈشیڈنگ ختم ہو جائےگی۔ جلسے سے پہلے نوازشریف نے تین ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا۔