Friday, April 26, 2024

مانسہرہ میں دس سالہ بچے سے زیادتی کرنیوالا ملزم گرفتار

مانسہرہ میں دس سالہ بچے سے زیادتی کرنیوالا ملزم گرفتار
December 30, 2019
مانسہرہ ( 92 نیوز) مانسہرہ میں دس سالہ بچے یاؤس کے ساتھ زیادتی اور تشدد کا مرکزی ملزم قاری شمس الدین   گرفتار کر لیا  گیا ،  ملزم  کو آج  جسمانی ریمانڈ کے لئے عدالت میں پیش کیا جائیگا۔ مانسہرہ میں مدرسے کے  طالبعلم کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا درندہ شمس الرحمان پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ،  ملزم کو پناہ دینے والوں کو بھی شامل تفتیش کرنے کا امکان ہے ۔ مانسہرہ کے مدرسے میں طالبعلم کو زیادتی کا نشانہ بنانے والا ملزم عدالت  میں پیش کیا گیا ، قاری شمس الدین کو سخت سکیورٹی میں جوڈیشل مجسٹریٹ کے روبرو پیش کیا گیا ، پولیس نے 14 دن کے ریمانڈ کی استدعا کی تو عدالت نے مسترد کردی۔ عدالت نے ملزم کو پانچ روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا اور تین جنوری کو دوبارہ پیش کرنے کی ہدایت کردی ۔ انچارج پراسیکیوٹر محسن مصطفی نے بتایا کہ ملزم کا ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائیگا ، شریک ملزمان کو بھی شامل تفتیش کیا جائیگا جبکہ قاری شمس الدین کو تین  دن  تک  پناہ  دینے  والوں  کو  بھی  شامل  تفتیش  کیا  جاسکتا ہے  ۔ چند روز قبل مانسہرہ کے ایک مدرسے میں 10 سالہ بچے سے مبینہ طور پر بدفعلی اور تشدد کا واقعہ پیش آیا جس کے الزام میں استاد قاری شمس الدین کو گرفتار کیا گیا ۔ اس واقعے کے بعد پولیس نے مدرسہ کو سیل کردیا ۔ بچے پر اس قدر بہیمانہ تشدد کیا گیا کہ اس کی آنکھوں پر زخم پڑگئے اور سرخ ہوگئیں، بچہ ایبٹ آباد کے اسپتال میں زیر علاج ہے۔ ملزم قاری شمس الدین نے  دس سالہ بچے   یاؤس  کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا تھا  ، 92 نیوز  کو موصول متاثرہ بچے کی ابتدائی میڈیکل رپورٹ  میں بچے کے ساتھ زیادتی ثابت ہوئی ہے ۔ میڈیکل رپورٹ کے مطابق  بچے کے  سر  ، دائیں اور بائیں بازو میں زخم کے نشانات ہیں ۔بچے کی آنکھوں میں سوجن اور خون کے نشان بھی ہیں ۔ زیادتی کا شکار ہونے والا بچہ ایوب میڈیکل کمپلیکس ایبٹ آباد میں زیر علاج ہے ۔کیس میں ملوث پانچ  دیگر ملزمان  پہلے ہی گرفتار کر لیے گئے  تھے ۔ دوسری جا نب محکمہ تعلیم مانسہرہ نے بھی واقعے کی تحقیقات کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ، کمیٹی ایک ہفتے کے اندر تحقیقاتی رپورٹ محکمہ تعلیم کو جمع کرائے گی۔