Tuesday, April 16, 2024

مانسہرہ : عوام گیس کے انتظار میں بوڑھے ہو گئے‘ 24سال بعد چوتھی تختی نصب

مانسہرہ : عوام گیس کے انتظار میں بوڑھے ہو گئے‘ 24سال بعد چوتھی تختی نصب
April 28, 2016
مانسہرہ (92نیوز) مانسہرہ کے علاقے تناول میں گیس لانے کے لیے تختی پہ تختی لگتی رہی لیکن چوبیس سال بعد بھی یہاں گیس نہیں آئی۔ وزیراعظم نے علاقے میں ایک بار پھر سوئی گیس منصوبے کا افتتاح کرکے نوجوان نسل کے دل میں امید کا دیا روشن کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے مانسہرہ کے علاقے تناول میں گیس کی فراہمی کے منصوبے کی تختی لگا دی۔ علاقے میں سوائے تختی کے اس پر کوئی بھی خوش نہیں تھا۔ چوبیس برس پہلے اس علاقے کے بزرگ جب جوان تھے اس وقت وزیراعظم نواز شریف آئے اور اس کا افتتاح کیا۔ سب خوش تھے کہ اس منصوبے سے اوگی ، بالاکوٹ اور شنکیاری میں گیس آئے گی لیکن حکومت چلی گئی گیس نہ آئی۔ دوسری بار انیس سو ستانوے میں اسحاق ڈار آئے۔ وہی تختی ، وہی علاقہ وہی لوگ۔ وہی امید اور پھر وہی نتیجہ۔ حکومت چلی گئی مگر گیس نہ آئی۔ تیسری بار پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں پھر وہی تختی۔ بس تخت والے بدلے۔ نہ گیس آئی نہ چولہا جلا بس دل جلا۔ ایک بار پھر وزیر اعظم نے افتتاحی رسی کھولی تو نوجوانوں کے دلوں میں امید بندھی کہ گیس آئے گی لیکن بزرگوں کی امیدوں کو گیس کی پائپ کی طرح زنگ لگ چکا ہے۔