Friday, April 19, 2024

مالی سال یکم جولائی سے اب تک ڈالر 8 روپے 73 پیسے مہنگا ہوا

مالی سال یکم جولائی سے اب تک ڈالر 8 روپے 73 پیسے مہنگا ہوا
August 26, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) روپے کے مقابلے میں ڈالر مزید مضبوط ہوگیا، رواں مالی سال یکم جولائی سے اب تک ڈالر 8 روپے 73 پیسے مہنگا ہوا، جبکہ چار ماہ کے دوران ڈالر 13.57 روپے مہنگا ہوا۔ 2018 میں تحریک انصاف کی حکومت آنے کے بعد ڈالر کی قیمت میں اب تک 44 روپے کا اضافہ ہوچکا۔

دنیا کے موجودہ تجارتی اور معاشی نظام میں ڈالر کو کلیدی حیثیت حاصل ہے، اسی طرح پاکستان میں بھی آپ کو تمام اجناس اور اشیاء عالمی منڈی کی قیمتوں کے حساب سے دستیاب ہوتی ہیں اور ایک عام پاکستانی کی زندگی پر نہ صرف عالمی منڈی میں قیمتوں کے اتار چڑھاؤ بلکہ ڈالر کی قیمتوں کی بلندی و پستی کے اثرات مرتب ہوتے ہیں۔

تحریک انصاف کی حکومت برسرار اقتدا آئی تو اگست 2018 میں ڈالر 123 روپے کا تھا جو اگست 2020 میں 163 روپے کی بلند ترین سطح پر جا پہنچا۔ اگلے 7 ماہ میں روپیہ تگڑا ہونے پر کچھ زور ٹوٹا تو ڈالر 153 روپے تک آیا لیکن اپریل 2021 سے اگست تک ڈالر کی قیمت میں 13 روپے 57 پیسے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پاکستان زرعی ملک ہونے کے باوجود اربوں ڈالر سے زائد کی چائے، مصالحہ جات، خوردنی تیل، چینی اور دالیں وغیرہ جیسی مختلف غذائی اجناس درآمد کرتا ہے۔ اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی بات ہو یا تیل و گیس کی تلاش کا کام یا ٹیلی کام کا ہر ایک کیلئے قیمت کا تعین ڈالر میں کیا جاتا ہے اور ڈالر ہی میں رقوم وصول کی جاتی ہیں۔ اب آپ بس، ریل یا کسی اور سواری پر سفر کریں یا پھر گھر میں بیٹھے سوئی گیس پر کھانا پکائیں یہ سمجھ لیں کہ ایندھن کی جگہ ڈالر ہی جل رہے ہیں۔