Saturday, April 20, 2024

مالی سال 2018-19 ،محکمہ اوقاف کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ

مالی سال 2018-19 ،محکمہ اوقاف کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ
July 9, 2019
لاہور(روزنامہ 92 نیوز)  مالی سال 2018-19 کے دوران  اوقار کی محکمانہ آمدن 16.21فی صد اضافہ کے ساتھ1ارب79کروڑ16لاکھ90ہزار روپے ہو گئی۔یہ آمدن محکمانہ طور پر کی گئی سرمایہ کاری سے حاصل ہونے والے خالصتا منافع کے علاوہ ہے ۔ دوسری جانب پنجاب بھر میں مالی سال2019-20 کیلئے 2593ایکڑ وقف زیادہ رقبہ کرایہ پٹہ داری پر نیلام ہو گیا ، اعدادوشمار کی حامل رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کر دی گئی۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کے خود مختار ادارے اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے معاشی دگرگوں حالات کو دیکھتے ہوئے گذشتہ برس ستمبر 2018 میں ریونیو امور کے حوالے سے ذوالفقار احمد گھمن کو سیکرٹری اوقاف و مذہبی امور پنجاب کا سیکرٹری تعینات کیا۔جس کے بعد انہی کی خواہش کے پیش نظر حکومت پنجاب نے ملک عبد الوحید کو ڈائریکٹر فنانس، عامر احمد خان کو ڈائریکٹر سٹیٹ اور محمد اشرف کو ایڈمنسٹریٹر لاہور زون تعینات کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ایوان وزیر اعلی میں محکمانہ امور کی بابت بریفنگ کے دوران جہاں وزیر اعلی پنجاب نے اوقاف میں سیا سی مداخلت کا عنصر ختم کرنے کی ہدایات جاری کیں، وہیں پر چیف سیکرٹری پنجاب نے سیکرٹری اوقاف کو مالی معاملات ہر ممکنہ طور پربہتر بنانے کا ٹاسک سونپ دیا۔ ذرائع کے مطابق ستمبر2018سے 30جون2019 تک کئے جانے والے اقدامات اور اس کے نتائج کی رپورٹ سیکرٹری اوقاف کی جانب سے صوبائی حکومت کو پیش کر دی گئی ہے ۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مالی سال 2014-15میں محکمہ کو 1279.48ملین روپے وصول ہوئے جو گذشتہ برس کی نسبت 7.6فی صد اضافہ تھا۔2015-16 میں اوقاف کو 1401.25 ملین روپے وصول ہوئے ،جو کہ 9.51فی صد اضافہ بنتا ہے ۔ مالی سال2016-17 میں محکمہ اوقاف کو 1518.34ملین روپے وصول ہوئے ، جو کہ 8.36فی صد اضافہ بنتا ہے ۔ مالی سال 2017-18 میں محکمانہ آمدن 1541.34ملین روپے رہی، جو صرف1.55فی صد اضافہ بنتا ہے ۔ تاہم چھ یوم قبل ختم ہونے والے مالی سال 2018-19 میں کی جانے والی خصوصی کاوشوں کی بدولت محکمہ کو 1791.69ملین روپے وصول ہوئے ہیں، جو کہ 16.21فی صد ۔اضافہ بنتا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب کو پیش کی گئی رپورٹ میں قرار دیا گیا ہے کہ لاہور سمیت صوبہ بھر میں موجود وقف رقبہ آئندہ مالی سال کے لئے ایڈوانس میں نیلام کرنے کا طریقہ کار موجود ہے ۔ گذشتہ برس کے دوران مالی سال 2018-19 کے لئے محکمہ اوقاف نے صوبہ بھرسے 29ہزار5سو45ایکڑ وقف رقبہ پٹہ داری /نیلامی کے لئے مشتہر کیا، جس میں سے 13ہزار2سو71ایکڑ وقف رقبہ نیلام ہوا۔ تاہم اوقاف میں لائی جانے والی تبدیلی کے اثرات شعبہ سٹیٹ پر بھی مرتب ہوئے ہیں۔محکمہ نے مالی سال 2019-20 کے لئے 29ہزار9سو60ایکڑ رقبہ نیلامی کے لئے پیش کیا ، جس میں سے 15ہزار8سو64ایکڑ رقبہ نیلام ہو چکا ہے ۔