Sunday, September 8, 2024

مالی: بائیبلوس ہوٹل پر شدت پسندوں کا حملہ، پانچ فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک، ہوٹل میں غیرملکی فوجی اور شہری مقیم تھے: مالی حکام

مالی: بائیبلوس ہوٹل پر شدت پسندوں کا حملہ، پانچ فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک، ہوٹل میں غیرملکی فوجی اور شہری مقیم تھے: مالی حکام
August 8, 2015
مالی (ویب ڈیسک) مالی میں ایک ہوٹل پر شرپسندوں کے حملے میں پانچ فوجیوں سمیت آٹھ افراد ہلاک ہو گئے۔ حملہ آوروں نے کئی غیرملکیوں کو یرغمال بنا لیا ہے۔ مالی کے قصبے سویر میں بائیبلوس ہوٹل پرشدت پسندوں نے دھاوا بول دیا۔ ہوٹل میں اقوام متحدہ امن مشن کے فوجی مقیم تھے۔ اقوام متحدہ کے مشن کے مطابق ان کا ایک رکن حملے میں ہلاک ہو گیا ہے۔ ہلاک ہونے والے غیر ملکی فوجی کی شہریت ظاہر نہیں کی گئی۔ ہوٹل میں مقیم یوکرائن کا ایک پائلٹ شدت پسندوں کے چنگل سے بھاگ نکلا جس کا کہنا ہے کہ اب بھی جنوبی افریقہ اور روس کے تین فوجی شدت پسندوں کے پاس یرغمال ہیں۔ ہوٹل میں فرانسیسی شہری بھی موجود ہیں۔ مالی کے حکام کا کہنا ہے کہ تین حملہ آور مارے گئے ہیں جن میں سے ایک نے خودکش جیکٹ پہن رکھی تھی۔ مالی فوج نے ہوٹل کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کر دیا ہے جبکہ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا ہے۔