Friday, April 19, 2024

ماضی کی ناقص پالیسیوں کے باعث پی آئی اے کو نقصان ہوا ، ارشد ملک

ماضی کی ناقص پالیسیوں کے باعث پی آئی اے کو نقصان ہوا ، ارشد ملک
January 15, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) سی ای او پی آئی اے ارشد ملک نے کہا پی آئی اے میں کرپٹ مافیا سرگرم تھا۔ ماضی کی ناقص پالیسیوں کے باعث ادارے کو نقصان ہوا۔ سابقہ ادوار میں پی آئی اے کیسے ڈوبی؟ سی ای او ارشد ملک نے حقائق بتا دیئے۔ چئرمین پی آئی اے ارشد ملک نے وفاقی وزیر برائے ایوی ایشن میاں محمد سومرو اور وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی افتخار درانی کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چئرمین پی آئی اے ارشد ملک نے بتایا کہ پی آئی کے خسارے میں چلنے والے 7 روٹس کو بند کردیا ہے۔ ان روٹس پر کمپنی کو کروڑوں کا نقصان ہو رہا تھا۔ چیئرمین پی آئی اے ارشد ملک نے کہا 7 فلائٹس پر 50 کروڑ روپے کا نقصان ہو رہا تھا۔ کمپنی 247 بلین کی مقروض ہے ۔ پی ایس او واجبات مانگتا ہے تو 4 جہاز گراؤنڈ کرنے پڑ جاتے ہیں۔ ملک ارشد کا کہنا تھا کہ پی آئی اے قوم کا قیمتی اثاثہ ہے۔ وزیراعظم نے ہدایات کے مطابق اسے واپس اسی مقام پر لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا سابق حکومت نے جہازوں کی مینٹیننس کی طرف کوئی دھیان ہی نہیں دیا۔ چیئرمین پی آئی اے نے کہا کہ وی آئی پی کلچر کو ختم کیا جائے گا۔ قومی ایئرلائن کی بحالی کے لئے مارچ میں سٹریٹجک پلان حکومت کے پاس لے کرجارہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہم نے نوکریوں سے ان کو نکلا جن کے سپریم کورٹ میں کیسز تھے۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ حویلیاں حادثے کی انکوائری رپورٹ کا انتظار ہے۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی افتخار درانی کا کہنا تھا کہ 2008 سے جیسے جیسے جمہوریت کی اڑان ہوئی پی آئی اے کا بحران شروع ہو گیا۔