Saturday, April 27, 2024

ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے، عمران خان

ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے، عمران خان
October 19, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیرِ اعظم عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے ملاقات کی اور ڈیم فنڈکے لئے نو کروڑانیس لاکھ روپے کا چیک پیش کیا۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ماضی کی حکومتوں نے جہاں ملک کو ایک طرف اندرونی اور بیرونی قرضوں کی دلدل میں دھکیل دیا وہاں اداروں کو مکمل طور پر تباہ کردیا گیا۔ منی لانڈرنگ پر قابو پانے میں کامیاب ہو جائیں تو معاشی مسائل پر قابو پا لیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت مشکل معاشی حالات سے دوچار ہے۔ ماضی کی حکومتوں نے ملک کے ساتھ جو کیا وہ دشمن بھی نہیں کرتے۔ صورتحال یہ ہے کہ آج ریڑھی والوں، چھابڑی والوں اور فوت شدگان کے بنک اکاؤنٹس سے کروڑوں اربوں روپے نکل رہے ہیں۔ عمران خان کا کہناتھا کہ ماضی کے حکمرانوں کی غلط کاریوں اور غلط پالیسیوں کا خمیازہ آج قوم کو بھگتنا پڑ رہا ہے۔ موجودہ وقت بلاشبہ ایک مشکل وقت ہے لیکن پاکستانی قوم میں بے پناہ صلاحیت ہے ، موجودہ بحران سے جلد نکل جائیں گے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ حکومت بزنس کمیونٹی کو ساتھ لے کر چلنے کے عزم پر کاربند ہے، اس موقع پروفد نے وزیرِ اعظم کو مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ وزیرِاعظم عمران خان سے بزنس کمیونٹی کے وفد نے افتخار علی ملک، چیئرمین یونائیٹڈ بزنس گروپ اور سینئر نائب صدر سارک چیمبر آف کامرس کی قیادت میں ملاقات کی ۔ صدر نیشنل بنک آف پاکستان نے بھی وزیرِ اعظم سے ملاقات کی اورانھیں ڈیمز فنڈ کے لئے ایک کروڑ پچانوے لاکھ  کا چیک پیش کیا۔