Friday, May 3, 2024

ماضی کی تلخیاں بھول کر عالمی برادری کیساتھ افغانستان کی تعمیر وترقی کے خواہاں ہیں، افغان طالبان

ماضی کی تلخیاں بھول کر عالمی برادری کیساتھ افغانستان کی تعمیر وترقی کے خواہاں ہیں، افغان طالبان
August 26, 2021 ویب ڈیسک

کابل (92 نیوز) افغانستان پر کنٹرول کے بعد طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے نیویارک ٹائمز کو پہلا انٹرویودیتے ہوئے کہا، طالبان ماضی کی تلخیاں بھولنا چاہتے ہیں اور مستقبل تعمیر کرنا چاہتے ہیں، عالمی برادری کے ساتھ ملکر افغانستان کی تعمیر ترقی کے لئے کام کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی سے انتقام نہیں لیا جائے گا۔ ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، جو کچھ بھی ماضی میں ہوا طالبان وہ سب کچھ بولنا چاہتے ہیں۔

ذبیح اللہ مجاہد کا امریکی اخبارسے بات کرتے ہوئے کہنا تھا، خواتین پر سخت پابندیوں کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ خواتین افغانستان میں محفوظ ہیں۔ بغیر کسی خوف سے گھر سے باہر جاسکتی ہیں، نوکری کرسکتی ہیں۔ اسلامی روایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنی مرضی کا لباس پہن سکتی ہیں۔

ترجمان طالبان کا یہ بھی کہنا تھا کہ، لڑکیاں یا خواتین اسکول جائیں۔ دفاتر میں فرائض سرانجام دیں یا اسپتال میں ڈیوٹی کریں ان کے ساتھ محرم ہونے کی کوئی شرط نہیں۔

افغانوں کے انخلا کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ جن افراد کے پاس سفری دستاویزات نہیں ہیں وہ باہر نہیں جاسکتے، لیکن جن کے تمام دستاویزات موجود ہیں ان پر کسی قسم کی پابندی نہیں ہے۔ عالمی ممالک کو افغانستان کے اندورنی معاملات میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔ انہیں باصلاحیت افغانوں کو ملک سے باہر نہیں لے کر جانا چاہیے۔