Tuesday, April 30, 2024

ماضی کو بھلا کرپاک بھارت تعلقات کو وسعت دینا ہو گی : مشیر قومی سلامتی

ماضی کو بھلا کرپاک بھارت تعلقات کو وسعت دینا ہو گی : مشیر قومی سلامتی
December 17, 2015
اسلام آباد (92نیوز) مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصرجنجوعہ نے بھارتی ہم منصب کےساتھ ملاقات کو اچھی پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کو تعلقات میں بہتری لانا ہو گی۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کے مشیر قومی سلامتی امور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور بھارت ماضی بھلا کر آگے بڑھیں۔ تعلقات میں وسعت سے ہی دوستانہ ماحول کی راہ ہموار کی جا سکتی ہے۔ پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹریوں کے درمیان آئندہ ماہ ملاقات اور جامع مذاکرات کے لیے راستہ بنانا ہو گا اور پاکستان اس عمل میں آگے بڑھنے کے لیے تیار ہے۔ ان کاکہنا تھا کہ بھارتی ہم منصب سے ملاقات میں ساتھ چلنے اوردہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ ناصر جنجوعہ نے انٹرویو کے دوران اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات برابری کی سطح پر ہونے چاہئیں۔ دوستانہ تعلقات سے ہی خطہ ترقی کرے گا۔