Friday, May 3, 2024

ماضی میں کراچی کیلئے کسی نے پلاننگ نہیں کی، شاہ محمود قریشی

ماضی میں کراچی کیلئے کسی نے پلاننگ نہیں کی، شاہ محمود قریشی
August 29, 2020
ملتان (92 نیوز) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے ماضی میں کراچی کے لئے کسی نے پلاننگ نہیں کی۔ اب وزیراعظم نے کراچی کے لئے بڑے پلان کا فیصلہ کیا ہے۔ کورونا کا خطرہ ٹلا نہیں، احتیاط لازم ہے۔ ملتان میں 42 ویں سالانہ حسینیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کشمیر میں آج بھی عزاداروں پر لاٹھی چارج کیا جا رہا ہے، سری نگر میں عیدالاضحیٰ پر بھی جامعہ مسجد بند رکھی گئی۔ یہ سب انصاف کے علمبرداروں کو نظر کیوں نہیں آتا۔ کراچی میں حالیہ بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پر شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کراچی کے موجودہ حکمرانوں نے تجوریاں بھرنے کے سوا کچھ نہیں کیا، حکمرانوں کی جانب سے کوئی پلاننگ کی جاتی تو صورتحال مختلف ہوتی۔ سالانہ حسینیہ کانفرنس سے خطاب کے دوران انہوں نے کورونا وائرس کی اگلی لہر کے حوالے سے بھی خبردار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موذی وباء سے بچنے کے لئے احتیاط لازم ہے۔