Friday, April 19, 2024

ماضی میں نیشنل سکیورٹی کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی ، وزیر مملکت داخلہ

ماضی میں نیشنل سکیورٹی کو کبھی ترجیح نہیں دی گئی ، وزیر مملکت داخلہ
November 22, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) وزیر مملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے کہا ماضی میں قومی سلامتی کو ترجیح نہیں دی گئی لیکن ہمارے لیے سب سے پہلے پاکستان ہے۔ پاکستان میں کوئی سول ملٹری اختلاف نہیں ہے ہم سب متحد  ہیں۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب  کرتے ہوئے  وزیرمملکت برائے داخلہ شہریارآفریدی نے  کہا کہ ہمارے فوجی جوان قربانیاں دے رہے ہیں لیکن لوگ سول ملٹری اختلافات پرلڑ رہے ہیں۔ ہم نے سول ملٹری رابطوں کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا آج پاکستان میں کوئی سول ملٹری اختلاف نہیں ہے ہم سب متحد اورایک ہیں۔ ایسی خارجہ پالیسی بنارہے ہیں جو ملکی مفادات کے عین مطابق ہوگی ۔ ہمیں غیرملکیوں کو نہیں بلکہ اپنوں کو خوش کرنا ہے۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ ایس پی طاہر خان داوڑ کی میت لینے کے لیے مجھے ڈھائی گھنٹے تک افغان سرحد پر کھڑے رہنا پڑا۔ بھارت نے افغانستان میں اپنے پنجے گاڑھ لیے ہیں۔ میں منظور پشتین سمیت سب کو گلے لگاؤں گا لیکن شرط ہے کہ وہ سرنڈر کریں اور ملک سے وفاداری کریں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا ہمیں اپنے گھر کو ٹھیک کرنا ہے، ہم اسلام آباد اور پاکستان کو مافیا سے آزاد کرائیں گے۔ یہ تبدیلی نہیں ہے کہ بٹن دبایا اور تبدیلی نکل آئی۔ ہمیں وقت دیں۔ وزیر مملکت برائے داخلہ نے کہا میں نے بڑے لوگوں کو چیلنج کیا تو ٹرمپ کا کچن میرا کچن بنا دیا گیا۔ مجھ پرکچن میں قیمتی ٹائیلیں لگانے کا الزام لگایا گیا۔  میں وزیراعظم کے پاس گیا اور کہا کہ میں ایف آئی اے سے تحقیقات کرانا چاہتا ہوں۔