Friday, March 29, 2024

وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا

وزیراعظم نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا
December 30, 2015
ژوب (92نیوز) پاکستان نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف نے پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔ وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے اکٹھے ہو کر کام کریں گے۔ پاکستان کی ترقی کاخواب بلوچستان سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایسے حکمران کیوں لائے گئے جنہوں نے بجلی کی قلت پیدا کی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے ژوب میں مغربی راہداری منصوبے کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ منصوبہ پورے خطے کی قسمت کھولے گا۔ بےروزگاری کا خاتمہ ہوگا‘ بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبے تیزی کے ساتھ مکمل ہوں گے‘ اقتصادی راہداری سے پورے ملک میں خوشحالی آئےگی۔ وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی ژوب سے شروع ہوگی‘ پاکستان کی ترقی کا خواب بلوچستان سے شرمندہ تعبیر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب مل کر پاکستان کو پرامن اور خوشحال بنا سکتے ہیں۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر ایف ڈبلیو او کو مبارکبادد ی جس کے جوانوں نے قربانیاں دےکر بلوچستان میں ترقیاتی منصوبے مکمل کئے۔ گوادر ان کی ترجیحات میں شامل ہے‘ گوادر میں بین اقوامی ہوائی اڈا بنایا جا رہا ہے۔ گوادر سے کراچی کوسٹل ہائی وے کو موٹروے میں بدل دیا جائےگا۔ ماضی کی حکومتوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ مجھے بتائیں ایسی حکومت کیوں آنے دی جس نے ملک میں بجلی کی قلت پیدا کی۔ پاکستان میں بجلی وافر مقدار میں آنےوالی ہے۔ انہوں نے ترکی تک مال گاڑی کو بھی فعال کرنے کی یقین دہانی کرائی۔