Monday, September 16, 2024

ماسکو ، گزشتہ روز تباہ ہونیوالے طیارے کا بلیک باکس مل گیا

ماسکو ، گزشتہ روز تباہ ہونیوالے طیارے کا بلیک باکس مل گیا
February 12, 2018

ماسکو ( 92 نیو ز) روس میں مسافر طیارہ تباہ ہونے سے 71 افراد ہلاک ہوگئے ، بدقسمت طیارے کا بلیک باکس مل گیا  جبکہ لاشوں کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ روسی صدر ولادی میرپیوٹن نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا ۔طیارہ گرنے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آگئی ۔

بدقسمت طیارہ روس کی سرکاری کمپنی سراتوف ایئر لائن کی ملکیت تھا جو دارالحکومت ماسکو سے اورسک نامی شہر کی جانب جارہا تھا ۔  طیارے ٹیک آف سے چند لمحوں بعد ہی ایک برفیلے علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا ۔

جہاز  میں  عملے کے 6 ارکان اور 65 مسافر  سوار تھے ، جو تمام کے تمام اس حادثے میں مارے گئے ۔  روسی حکام کے مطابق طیارے کا بلیک باکس مل چکا ہے جبکہ  علاقے میں کئی فٹ پھیلی برف کے باعث لاشوں کی تلاش میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

روسی میڈیا کے مطابق پائلٹ نے کنٹرول ٹاور کو طیارے میں فنی خرابی کے حوالے سے مطلع کیا تھا ، اسے ایمرجنسی لینڈنگ کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم اسی دوران اس کا رابطہ منقطع ہوگیا ۔

حادثے کے حوالے سے ایک سی سی ٹی وی ویڈیو بھی منظرعام پر آچکی ہے  جس میں طیارہ گرنے کے بعد آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے جاسکتے ہیں ۔

روسی صدر ولادی میر پوٹن نے حادثے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دیا ہے ۔

سراتوف ایئر لائن کا بین الاقوامی لائسنس 2015 میں غیرذمہ دارانہ رویے کے باعث منسوخ کردیا گیا تھا ، جس کے بعد سے یہ  ایئر لائن صرف اندرون ملک فضائی آپریشن کررہی تھی۔