Friday, May 17, 2024

ماسکو میں افغان امن مذاکرات کا پہلا دور مکمل ، آج پھر بیٹھک ہو گی

ماسکو میں افغان امن مذاکرات کا پہلا دور مکمل ، آج پھر بیٹھک ہو گی
February 6, 2019
ماسکو ( 92 نیوز) ماسکو میں افغان امن مذاکرات کا پہلا دور مکمل  ہو گیا جس کے بعد آج پھر بیٹھک ہوگی ، دو روزہ مذاکرات میں طالبان کا 10 رکنی وفد اور حامدکرزئی بھی شریک  ہیں ۔ روس کی میزبانی میں دارالحکومت  میں دو روزہ افغان امن کانفرنس  جاری ہے،افغان اپوزیشن گروپ کی  قیادت سابق صدر حامد کرزئی کررہے ہیں ، افتتاحی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے  حامد کرزئی کا کہنا تھاکہ تمام افغانی اور طالبان جنگ سے تھک چکے ہیں ، عوام متحد ہوجائے تو  جمہوری اور آزاد افغانستان کا حصول ممکن ہے ۔ سابق صدر نے امن عمل میں  امریکی کوششوں کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ  افغانستان اور پاکستان کے تعلقات میں بہتری آئے گی  ۔ کانفرنس میں طالبان رہنما عباس ستانکزئی کا کہنا تھاکہ  طالبان بھی افغانستان میں سیاسی حل پر یقین رکھتے ہیں  لیکن وہاں کا آئین امن کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ  پائیدار امن کیلئے ضروری ہے کہ امریکا  کی جانب سے  طالبان لیڈروں کے نام بلیک لسٹ سے نکال دئیے جائیں  ۔ افغانستان کی موجودہ حکومت کی جانب سے  ماسکو  امن مذاکرات پر کڑی تنقید کی جارہی ہے۔افغان صدراشرف غنی کاکہناہےکہ اپوزیشن رہنما  طالبان کے ساتھ بات چیت کے ذریعے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔