Saturday, April 20, 2024

ماسک کی مسلسل مخالفت کرنیوالے ٹرمپ کا بڑا یوٹرن، چہرہ ڈھانپے تصویر شیئر کردی

ماسک کی مسلسل مخالفت کرنیوالے ٹرمپ کا بڑا یوٹرن، چہرہ ڈھانپے تصویر شیئر کردی
July 21, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) ماسک کی مسلسل مخالفت کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑا یوٹرن لے لیا، چہرہ ڈھانپے اپنی تصویر شیئر کردی، ساتھ ہی خود کو سب سے بڑا محب الوطن اور سب کا پسندیدہ ترین صدر بھی قرار دے دیا، ٹویٹ کے کچھ ہی دیر بعد دوبارہ یوٹرن لیتے ہوئے بنا ماسک کے اپنی حامیوں کے درمیان پہنچ گئے۔ میں ماسک نہیں پہنوں گا، ماسک اچھا ہے لیکن ضروری نہیں، لوگوں کو اپنا چہرہ ڈھانپنے کے حوالے سے فیصلہ کرنے کی آزادی ہونی چاہیے، یہ ہیں وہ بیانات جو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کورونا وائرس کے آغاز سے دیتے آرہے ہیں۔ بڑھتی تنقید، اور ساتھ ہی امریکا میں بڑھتے کیسز نے صدر ٹرمپ کو بڑا یو ٹرن لینے پر مجبور کرہی ڈالا، پہلے تو ماسک پہننے کا دعویٰ کیا، پھر ایک روز چہرہ ڈھانپے میڈیا کے سامنے بھی آئے، یہاں تک کہ امریکی چینل کو انٹرویو میں چہرہ ڈھانپنے کی حمایت بھی کردی۔ انٹرویو کی بازگشت تھمی نہ تھی، کہ دو روز بعد ہی ٹرمپ نے ماسک پہنے اپنی تصویر ٹویٹ کی،، اور ساتھ دعویٰ بھی کرڈالا کہ ان سے زیادہ کوئی بھی محب الوطن نہیں، وہ سب کے پسندیدہ ترین صدر ہیں۔ لیکن امریکی صدر کا یہ دعویٰ بھی زیادہ دیر قائم نہیں رہا، جناب چند گھنٹوں بعد ہی واشنگٹن کے ایک ہوٹل میں اپنے حامیوں کے درمیان نظر آئے، جہاں ان کے چہرے پر کسی ماسک کا نام و نشان بھی نہیں تھا۔