Wednesday, April 24, 2024

مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات نہ رکیں تو وزیر کیڈ کو بلائیں گے، چیف جسٹس

مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات نہ رکیں تو وزیر کیڈ کو بلائیں گے، چیف جسٹس
January 4, 2018

اسلام آباد (92 نیوز) مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات کے معاملے پر چیف جسٹس نے کہا کہ اگر مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات نہ رکیں تو وزیر کیڈ کو بلائیں گے۔
سپریم کورٹ نے مارگلہ ہلز از خود نوٹس کی سماعت کی۔
سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔ دوران سماعت عدالت نے مارگلہ ہلز پر غیر قانونی تعمیرات کی تصاویر کل تک پیش کرنے کا حکم دے دیا۔
چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ اگر درختوں کی کٹائی اور غیر قانونی تعمیرات نہ رکیں تو وزیر کیڈ کو طلب کریں گے ۔ کوئی یہ نہ سمجھے ہمارے احکامات سرد خانے میں ڈال دے گا۔ انہوں نے کہا کہ انھیں جوڈیشل ایکٹوازم کا شوق نہیں۔ وہ اپنے اختیارات سے بخوبی آگاہ ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت انتظامہ کے امور میں مداخلت نہیں کرنا چاہتی لیکن کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
چیف جسٹس نے مزید کہا کہ معلوم ہوا کہ جو لوگ بنی گالہ میں غیر قانونی تعمیرات رکوانے کے لئےعدالت آئے ان کی اپنی تعمیرات غیر قانونی ہیں۔ پاکستانی قوانین میں بہت سی خامیاں پیدا ہو گئی ہیں انھیں درست کرنا ہو گا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ گذشتہ 57 برس میں اسلام آباد کے لئے رولز نہیں بنے۔ عدالت نے اسلام آباد کی حد بندی سمیت دیگر مسائل تحریری طور پر پییش کرنے کی ہدایت کی اور کیس کی سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔
ادھر سپریم کورٹ نے مارگلہ اسٹون کرشنگ ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران مائننگ ڈیپارٹمنٹ سے پندرہ روز میں رپورٹ طلب کر لی اور کے پی کے میں اسٹون کرشنگ کے لئے بلاسٹنگ پر بھی پابندی عائد کر دی گئی
جس کے بعد کیس کی سماعت 24 جنوری تک ملتوی کر دی گئی۔