Friday, April 26, 2024

مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع تفریحی مقامات پر ویرانی کے ڈیرے

مارگلہ پہاڑیوں کے دامن میں واقع تفریحی مقامات پر ویرانی کے ڈیرے
July 2, 2020


اسلام آباد ( 92 نیوز) کورونا کے ڈر سے شہری سیرسپاٹوں سے باز آگئے ،  اسلام آباد میں مارگلہ  کی پہاڑیوں کے دامن میں واقع تفریحی مقامات پر ویرانی کے ڈیرے ہیں۔ ہرے بھرے دلکش مناظر کو دیکھنے کےلیے کم ہی لوگ یہاں آرہے ہیں۔

اسلام آباد کی خوبصورتی کوچارچاند لگاتیں مارگلہ کی پہاڑیاں آج کل سونی پڑی ہیں ، کورونا وائرس جب سے آیا ان پہاڑیوں کے دامن میں واقع تفریح گاہوں پر کوئی آرہا ہے، نہ ہی یہاں کے واکنگ ٹریلز پرپہلے جیسے قدموں کی چاپ سنائی دیتی ہے۔

پیرسوہاوہ اوردامن کوہ وبا کے دور سے پہلے چہل پہل کا مرکز تھا، سیروتفریح کے دلدادہ افرادیہاں سے شہرکے حسین منظرکوجی بھرکردیکھتے تاہم اب ایسا کچھ نہیں۔

مارگلہ کی پہاڑیوں کے دلفریب نظارے منتظرہیں کہ کب کورونا کی وبا ختم ہو اور رونقیں واپس لوٹ آئیں ،کورونا کا زور چلا تو سیروتفریح کی رونقیں مانند پڑ گئیں ورنہ مارگلہ کی ان پہاڑیوں پر قدرت کی رعنائیاں دیکھنے کےلیے شہری جوق در جوق چلے آتے تھے۔