Friday, March 29, 2024

مارکیٹوں اور بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائیگا، وزیر اعلیٰ بزدار

مارکیٹوں اور بازاروں کو مرحلہ وار کھولا جائیگا، وزیر اعلیٰ بزدار
May 3, 2020
لاہور (92 نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے کاروباری حضرات کو خوشخبری سنا دی، کہتے ہیں پنجاب میں مارکیٹوں اور بازاروں کومرحلہ وار کھولا جائے گا، اس کے لئے صنعتکاروں اور تاجر برادری کو وضع کردہ ہدایات پر عمل کرنا ہوگا۔ پنجاب میں لاک ڈاؤن کے باعث بند ہونے والا کاروبار کھلنے کی شمع روشن ہوگئی۔ عثمان بزدار نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے نمائندہ وفد سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے صنعتکاروں اور تاجر برادری کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں مرحلہ وار کاروبارکی اجازت دینے کے لئے ایس او پیز تیار کر لئے گئے ہیں۔ روڈ سیکٹراور بلڈنگ کے علاوہ کنسٹرکشن سے متعلقہ دیگر انڈسٹری کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔ سردار عثمان بزدار نے بتایا اس حوالے سے سفارشات تیار کر کے وفاقی حکومت کو پیش کردی ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے کہا وفاقی حکومت کی مشاورت سے ایکسپورٹ سیکٹر سے منسلک فیڈنگ انڈسٹری کو بھی کھولا جائے گا، پاور لومزکوبھی کام کرنے کی اجازت دے رہے ہیں،آئرن اور اسٹیل انڈسٹری اور ہوم اپلائسز انڈسٹری کو کھولنے کی تجویز دی ہے، جبکہ ایسی تمام فیکٹریز جن کے اندر اپنی لیبر کالونیاں موجود ہیں انہیں بھی کھولنے کی سفارش کی گئی ہے۔ عثمان بزدار نے کہا تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے مارکیٹیں اور بازار کھولنے کا فیصلہ کیا جائے گا، صنعتکاروں اورتاجر برادری کے مسائل کے حل کے لئے صوبائی وزیر صنعت کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی ہے۔ اپٹما کے سربراہ گوہر اعجاز نے کہا وزیر اعلیٰ نے کورونا میں فرنٹ لائن پر کام کر کے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کی ہے۔