Tuesday, April 16, 2024

مارچ تک پورا خاندان سیاست سے آؤٹ ہو جائے گا ، شیخ رشید

مارچ تک پورا خاندان سیاست سے آؤٹ ہو جائے گا ، شیخ رشید
November 22, 2017

 اسلام آباد (92 نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ایک بار پھر سابق وزیر اعظم نواز شریف کو آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ جنہیں انٹرپول کے ذریعے آنا چاہئیے تھا، وہ پروٹوکول کے ذریعے عدالتوں میں آ رہے ہیں۔ یہ خدا کی پکڑ میں ہیں۔ مارچ تک پورا خاندان سیاست سے آؤٹ ہو جائے گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے 92 نیوز سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم نواز شریف پر خوب تنقید کے نشتر چلائے۔ وہ نواز شریف کے سرکاری پروٹوکول پر خاصے برہم دکھائی دیئے اور گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش ہونے والے بل کو بھی انہی کی سازش قرار دے دیا۔ شیخ رشید نے مارچ تک پورے خاندان کے سیاست سے آؤٹ ہونے کی پیش گوئی بھی کر ڈالی۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ اِن کے کھاتے میں ان کمنگ ہے، آؤٹ گوئنگ نہیں۔ جنہیں انٹر پول کے ذریعے آنا چاہئیے تھا وہ پروٹوکول کے ذریعے عدالتوں میں آرہے ہیں۔ نوازشریف اپنے دوستوں کو کہتے ہیں کہ سارا کام شہباز شریف نے ڈالا ہے، ان کا تو صرف نام ہے۔
قومی اسمبلی میں گزشتہ روز پیش کئے جانے والے بل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بل پیپلزپارٹی لائی، وہ تو صرف ووٹ ڈالنے گئے تھے۔ شیخ رشید نے کہا کہ فضل الرحمان اور محمود اچکزئی بھی ووٹ ڈالنے نہیں آئے۔ ایسا خوفناک بل نواز شریف کی اجازت کے بغیر پیش نہیں ہو سکتا۔
شیخ رشید احمد نے کہا کہ یہ چالیس سال سے بیٹھے ہوئے ہیں اور اب سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں۔ ان کی خواہش ہے کہ فوج آجائے اور عدالتیں انہیں سزا نہ دیں مگر اب یہ سزا سے بچ نہیں پائیں گے۔