Monday, September 16, 2024

مارننگ شوز‘ قابل اعتراض پروگراموں کیخلاف پالیسی کا اعلان کرینگے : چیئرمین پیمرا

مارننگ شوز‘ قابل اعتراض پروگراموں کیخلاف پالیسی کا اعلان کرینگے : چیئرمین پیمرا
April 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) چیئرمین پیمرا کا کہنا ہے کہ ملک میں کیبلز ڈیجیٹلائزیشن منصوبہ 30 ستمبر کو اپنے مقرہ وقت پر ختم ہوگا۔ ابصار عالم کا کہنا تھا کہ مختلف ٹی وی چینلز پر مارننگ شوز اور جرائم کی آڑ میں قابل اعتراض پروگراموں کی روک تھام سے متعلق جلد مربوط پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پیمرا ہیڈ کوارٹر کیبلز آپریٹرز کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیمرا ابصار عالم نے کہا کہ کیبل کی ڈیجیٹیلائزیشن کے معاملے پر بہت سنجیدہ ہیں۔ اس حوالے سے 30ستمبر کی حتمی تاریخ پر ہرصورت عمل درآمد ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لوپ ہولڈرز کو لائسنس جاری کرنے سے متعلق کیبل آپریٹرز کے جائز تحفظات کا ازالہ کیا جائے گا۔ مختلف ٹی وی چینلز پر قابل اعتراض پروگراموں سے متعلق بھی جلد پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔ کیبلز آپریٹرز ایسوسی ایشن کے رہنما خالد آرائیں نے چیئرمین پیمرا کے ساتھ ملاقات کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لوپ ہولڈرز کے معاملے پر مکمل تعاون اور تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ چیئرمین پیمرا ابصار عالم کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں عوامی شکایات مراکز کے بہتر نتائج موصول ہورہے ہیں۔ اس بجٹ میں پیمرا سے متعلق تجاویز بھی پیش کریں گے۔