Friday, April 26, 2024

مادھولال حسین کی 427ویں عرس کی  تین روزتقریبات شروع

مادھولال حسین کی 427ویں عرس کی  تین روزتقریبات شروع
March 28, 2015
لاہور(92نیوز)حضرت مادھولعل حسین کے چارسوستائیسویں سالانہ عرس کی تقریبات شروع ہوگئی ہیں۔ حضرت مادھو لعل حسین کے تین روزہ عرس کی تقریبات کا آغاز رسم چادر پوشی سے کیا گیا جس کے بعد ملک کے طول و عرض سے ہزاروں زائرین کی آمد کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ درگاہ کے احاطے میں زائرین عشق و مستی میں سرشار دھمال ڈالتے نظر آتے ہیں۔ زائرین کا کہنا ہے کہ وہ حضرت مادھولعل حسین کی درگاہ پر فیض حاصل کرنے کے لیے آئے ہوئے ہیں۔ میلہ چراغاں کے دوران درگاہ کے احاطے میں روایتی آگ کا الاؤ بھی جلا دیا گیا ہے جو عرس کی تقریبات میں ایک تاریخی اہمیت رکھتا ہے۔ اس الاؤ پر زائرین اپنی مرادوں کے لیے منتیں مان کر دیئے جلاتے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ زائرین کی حفاظت کے لیے دربار کے چاروں اطراف میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ زائرین کے لیے داخلی اور خارجی راستے بھی الگ الگ مختص کیے گئے ہیں۔ میلہ چراغاں کی تقریبات تین روز تک جاری رہیں گی جہاں زائرین کے لیے محکمہ اوقاف کی جانب سے لنگر کا انتظام کیا گیا ہے۔