Saturday, May 4, 2024

مادر وطن کے ہر ممکن تحفظ سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ، آرمی چیف

مادر وطن کے ہر ممکن تحفظ سے زیادہ مقدس کچھ نہیں ، آرمی چیف
February 26, 2019
راولپنڈی ( 92 نیوز ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ  ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا اور سپاہ کے بلند جذبے اور پیشہ ورانہ تیاریوں کوسراہا۔ پلوامہ حملے کے بعد بھارتی جنگی جنون اور پاکستان کیخلاف دھمکی آمیز رویہ کے بعد پاکستان کی مسلح افواج پر عزم  ہیں ۔ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے بری اور فضائی افواج کے سربراہان نے سرحدی علاقوں میں تنصیبات کے دورے کئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیالکوٹ ورکنگ باؤنڈری کا دورہ  کیا ۔ فیلڈ کمانڈرز نے سپہ سالار کو آپریشنل تیاریوں پر بریفنگ دی ۔آرمی چیف نے سپاہ کے بلند جذبے اور پیشہ وارانہ تیاریوں کو سراہا۔ ترجمان پاک افواج کے مطابق آرمی چیف نے سپاہ سے خطاب میں کہا کہ مادر وطن کے ہر ممکن تحفظ سے زیادہ مقدس کوئی فریضہ نہیں ،اپنے فرائض کی ہمہ وقت انجام دہی کیلئے تیار فوج کی کمان کرنے پر فخر ہے۔ ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق سربراہ ائیر چیف مارشل مجاہد انور خان بھی فارورڈ آپریٹنگ بیسز کا دورہ کیا اور آپریشنل تیاریوں ، عملے کے جذبے اور پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا۔ پاکستان ائیر فورس بیسز پر متعین عملے سے گفتگو میں کہا ہم امن پسندقوم ہیں ، جنگ مسلط ہوئی توہر قیمت پر اپنی فضائی سرحدوں کا دفاع کریں گے ۔پاک فضائیہ مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی اورہمہ وقت ہر چیلنج سے نبردآزما ہونے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ ایئر چیف نے کہ پاک فضائیہ قومی امنگوں کے عین مطابق دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھر پور قوت سے جواب دینے کے لئے ہمہ وقت تیار ہے ۔