Tuesday, April 23, 2024

مادر ملت فاطمہ جناح کو رخصت ہوئے 53 سال بیت گئے

مادر ملت فاطمہ جناح کو رخصت ہوئے 53 سال بیت گئے
July 9, 2021

کراچی (92 نیوز) پاکستان کی جدوجہد میں بانی پاکستان قائد اعظم محمدعلی جناح کے شانہ بشانہ کام کرنے والی ان کی ہمشیرہ مادر ملت فاطمہ جناح کو رخصت ہوئے 53 سال بیت گئے۔

محترمہ فاطمہ جناح 30 جولائی 1893 کو کراچی میں پیدا ہوئیں۔ سینئر کیمبرج کرنے کے بعد انہوں نے ڈینٹسٹ کی تعلیم حاصل کی۔ عظیم بھائی کی عظیم بہن نے تحریک پاکستان اور ملک کے لیے بے مثال کردار ادا کیا۔

محترمہ فاطمہ کی گراں قدر خدمات پر قوم نے انہیں مادر ملت کا خطاب دیا۔ بانی پاکستان کے شانہ بشانہ چلتے ہوئے فاطمہ جناح نے برصغیر کی مسلم خواتین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرکے حصول پاکستان کی منزل کو آسان تر کر دیا۔

1964 میں قوم اور جمہوریت کی خاطر جنرل ایوب کا مقابلہ کیا اور شمع جمہوریت کہلائیں۔ انتخابات میں حصہ لے کر انہوں نے معاشرے میں پسے ہوئے طبقات اور بالخصوص خواتین کو مشکلات کے سامنے ڈٹ جانے کا سبق بھی دیا۔

محترمہ فاطمہ علی جناح 9 جولائی 1968 کو 77 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئیں۔ وہ اپنے عظیم بھائی کے مزار کے احاطے میں آسودہ خاک ہوئیں۔