Friday, May 10, 2024

ماحولیات کا خیال نہ رکھا تو بھاری قیمت چکانا پڑیگی، وزیراعظم

ماحولیات کا خیال نہ رکھا تو بھاری قیمت چکانا پڑیگی، وزیراعظم
June 5, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان کہتے ہیں کہ پوری دنیا گلوبل وارمنگ سے متاثر ہو رہی ہے، ماحولیات کا خیال نہ رکھا تو بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔

وزیراعظم عمران خان عالمی یوم ماحولیات کی مرکزی تقریب سے خطاب بولے کہ، ورلڈ انوامنٹ ڈے کی میزبانی کرنے کا پاکستان کو اعزاز ملا، دنیا جانتی ہے پاکستان آئندہ نسلوں کی فکر کرتا ہے، جب تک ساری قوم احساس نہیں کرے گی ہم کامیاب نہیں ہوسکتے۔

انہوں نے کہا، بہت جلد پاکستان ورلڈ انوائرمنٹ کے میپ پرآ گیا۔ دنیا کے کئی ملک دیکھے ہیں جن کی ماحولیات پر توجہ تھی۔ خیبرپختونخوا میں 5 سال میں ایک ارب درخت لگائے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ہمارے دیکھتے دیکھتے پرانے جنگل تباہ اور درخت کٹ گئے، لوگوں نے زمینوں پر قبضہ کرلیا۔ دریاؤں کو بے دردی سے آلودہ کیا گیا۔

وزیراعظم بولے کہ، لاہور باغوں کا شہر تھا، آج لاہور میں آلودگی کی شرح خطرناک حد پر پہنچی ہوئی ہے۔ 10 سال کا موقع ہے، 10 سال میں دنیا نے اپنا کورس ٹھیک کرنا ہے۔ ماحولیات کا دھیان نہیں رکھیں گے تو انسانیت کو اسکی بھاری قیمت دینا پڑے گی۔ گلوبل وارمنگ کے منفی اثرات ہیں، دنیا میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ آنے والا ہے۔ جب تک دنیا ایکشن نہیں لیتی ہماری کوشش کا کم اثر ہوگا۔

عمران خان نے کہا، ہمارا 80 فیصد دریاؤں میں پانی گلیشیئر سے آتا ہے۔ گلیشیئر گلوبل وارمنگ سے متاثر ہورہے ہیں،اس کے اثرات ساری دنیا پر پڑیں گے۔ تاجکستان کے وزیراعظم کہہ رہے تھے ان کے ایک ہزار گلیشیئر پگھل چکے ہیں۔ کلائمیٹ چینج کی وجہ سے موسم کی تبدیلی کا سامنا کئی ممالک کررہے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ، فاریسٹ گارڈز کو خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں، ٹمبر مافیا کا پہلی مرتبہ خیبرپختونخوا میں مقابلہ کیا، جس میں 10 فاریسٹ گارڈ شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا، 10 ارب درخت لگانے کا فیصلہ کیا ہے، اساتذہ اسکولوں میں بچوں کو درختوں کی اہمیت سے متعلق بتانا شروع کریں۔ ارب درخت لگانے میں کامیاب ہوگئے تو لوگوں کی زندگیوں، ملک اور معیشت پر اثر پڑیگا۔ ایکو سسٹم کی بحالی میں نوجوانوں کو شامل کرسکتے ہیں، ہمارے پاس ایک بہت بڑی کوسٹ لائن ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا، مینگروز کی ری جنریشن پر کام ہورہا ہے۔ مینگروز دنیا میں کم ہورہے ہیں جبکہ پاکستان میں بڑھتے جارہے ہیں۔ 15 نئے نیشنل پارکس بنادیئے ہیں، ان پارکس کیلئے اسپیشل گارڈ چاہئیں۔ فاریسٹ گارڈز کی بھی نفری بڑھانا پڑے گی، نیشنل پارکس کو بچانے کیلئے اسٹیک بنانا ہے، درخت بچانے کیلئے مقامی لوگوں کی مدد لیں گے۔

انہوں نے کہا، بڑی مشکل سے 10 بلین ٹری سونامی کیلئے پیسہ نکالتے ہیں، ٹیکس کا آدھا پیسہ قرضے کی قسطیں ادا کرنے میں چلا جاتا ہے۔ جو پیسہ بچتا ہے وہ کم ہوتا ہے۔ ماحولیات کو بچانے کیلئے بڑی مشکل سے پیسے نکالتے ہیں۔

عمران خان بو لے کہ، کورونا میں پاکستان کی تاریخ میں سب سے زیادہ لوگوں کو ریلیف دیا۔ امریکا اپنے لوگوں کو دینے کیلئے 4 ارب ڈالر خرچ چکا ہے۔

اُنہوں نے کہا، یواین ای پی، سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ امیر ممالک کلائمیٹ چینج سے متاثر ممالک کی مدد کریں۔

وزیراعظم مزید بولے کہ، ہمارے نوجوانوں نے بجلی سے چلنے والا اسکوٹر اور رکشہ بنا لیا ہے۔ پنجاب حکومت نے بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کردیا ہے۔ ایکو سسٹم کی بحالی کیلئے دنیا فائٹ کرے۔