Thursday, May 9, 2024

مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں سندھ پولیس کی پروقار تقریب

مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں سندھ پولیس کی پروقار تقریب
October 2, 2019
کراچی (92 نیوز) کراچی میں ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے لیجنڈ فاسٹ بائولر اور دور حاضر کے معروف کمنٹیٹرمائیکل ہولڈنگ سندھ پولیس کے مہمان بنے، آئی جی سندھ کی جانب سے مائیکل ہولڈنگ کے اعزاز میں پروقار تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ کراچی میں ویسٹ انڈیز کے لئے 1975ء سے 1987ء تک 60 ٹیسٹ میچوں میں 249 اور 102 ون ڈے میں 142 وکٹیں حاصل کرنے والے مائیکل ہولڈنگ کے لیے پروقار تقریب سجائی گئی۔ جس میں پاکستانی سکوائش کے لیجنڈ کھلاڑی جہانگیر خان سمیت مختلف نامور کھلاڑیوں، سول سوسائٹی کے ارکان، آئی جی سندھ کلیم امام اور پولیس افسروں نے شرکت کی۔ اس موقع پرسابق ویسٹ انڈین فاسٹ باﺅلر اور کرکٹ کمنٹیٹر مائیکل ہولڈنگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا محسوس کر رہے ہیں، پاکستان پرامن اور کھیلوں خاص کر کرکٹ سے محبت کرنے والوں کا ملک ہے۔ انہوں نے قیام امن میں سندھ پولیس کے کردار کی تعریف کی اور دورے کی دعوت دینے پر اظہار تشکر بھی کیا۔ ویسٹ انڈیز کے لیجنڈ فاسٹ بائولر مائیکل ہولڈنگ سندھ پولیس کی دعوت پر کراچی آئے ہوئے ہیں۔