Monday, May 13, 2024

مائزہ حمید اور تہمینہ دولتانہ کا خاندان اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگیا

مائزہ حمید اور  تہمینہ دولتانہ کا خاندان اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگیا
March 28, 2021

لاہور (92 نیوز) ن لیگی ایم این اے مائزہ حمید اور سابق ممبر قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ کا خاندان اینٹی کرپشن کے ریڈار پر آگئے ۔ ڈپٹی کمشنر وہاڑی نے عمر ارشد گجر اور زاہد دولتانہ کے خلاف اندراج مقدمہ کے ریفرنس بھیج دیے ۔

اینٹی کرپشن پنجاب متحرک ہو گئی ، ن لیگی ایم این اے مائزہ حمید اور سابق ممبر قومی اسمبلی تہمینہ دولتانہ کے خاندان اینٹی کرپشن کے نشانے پر آگئے، مائزہ حمید کے شوہر عمر ارشد گجر اور تہمینہ دولتانہ کے بھائی میاں زاہد دولتانہ کو 29 مارچ کو طلب کر لیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کے مطابق ڈی سی وہاڑی نے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب کودونوں کے خلاف اندراج مقدمہ کے دو الگ الگ ریفرنس بھیجے، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ مائزہ حمید کے خاوند عمر ارشد گجر وہاڑی میں محکمہ انہار کی 63 کنال قیمتی سرکاری اراضی پر قابض ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے ریفرنس کے مطابق میاں زاہد دولتانہ گزشتہ پندرہ سال سے محکمہ انہار کی 48 ایکڑ زمیں پر قابض ہے، جس نے سیاسی اثرورسوخ استعمال کرتے ہوئے محکمہ انہار کے افسران کی ملی بھگت سے اسلام ہیڈورکس ڈویژن کی زمین پر قبضہ کیا ۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ معاملے کی مکمل چھان بین کیلئے ڈی جی اینٹی کرپشن پنجاب نے ریجنل ڈائریکٹر ملتان کو انکوائری کا حکم دے دیا۔