Thursday, April 25, 2024

لیہ میں زہریلی مٹھائی سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی‘ 9مریض لاہور منتقل

لیہ میں زہریلی مٹھائی سے ہلاکتوں کی تعداد 28 ہو گئی‘ 9مریض لاہور منتقل
April 26, 2016
لیہ (92نیوز) لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے مرنے والوں کی تعداد اٹھائیس ہو گئی ہے جبکہ متاثرہ گاوں میں لواحقین اپنے پیاروں کو علاج معالجہ کی سہولتیں نہ ہونے پر گھروں میں لے کر بیٹھے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق زہریلی مٹھائی کھانے کے واقعہ کو کئی روز گزر چکے ہیں لیکن ہلاکتوں کا سلسلہ ابھی بھی جاری ہے۔ کل بھی 2 بچوں کی جان چلی گئی۔ 9 مریضوں کو بہتر طبی سہولیات کے لیے لاہور ریفر کیا گیا ہے۔ اموات کے باعث علاقے کی فضا سوگ وار ہے۔ سرکاری سطح پر جاں بحق ہونے والے 23 افراد کے لواحقین کی مالی امداد کی جا چکی ہے تاہم ابھی تک علاج معالجے کی سہولیات فراہم نہیں کی گئیں۔ تین سالہ بلال بھی گزشتہ شب جان کی بازی ہار گیا جس کی نماز جنازہ آج صبح ادا کر دی گئی۔ بلال کے والد کا کہنا ہے طبی سہولیات بروقت مل جاتیں تو اس کا بیٹا بچ سکتا تھا۔ بلال کے دیگر بہن بھائی بھی ہسپتال میں سہولیات نہ ملنے کے باعث گھر میں ہی زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا ہیں۔ زہریلی مٹھائی سے جاں بحق ہونے والوں میں ایک ہی گھر کے 13 افراد بھی شامل ہیں۔