Friday, March 29, 2024

لیہ : امداد کے بہانے بلائی گئی نابینا خاتون اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی

لیہ : امداد کے بہانے بلائی گئی نابینا خاتون اجتماعی زیادتی کا نشانہ بن گئی
May 21, 2016
لیہ (92نیوز) لیہ میں چھتیس سال کی نابینا خاتون پر قیامت گزر گئی۔ زمین پھٹی نہ آسمان گرا۔ تین درندوں نے خاتون کو امداد کے بہانے ڈیرے پر بلایا اور پھر مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ متاثرہ خاتون دو ہزار ایک میں تیزاب گردی کے واقعے میں بینائی سے محروم ہو گئی تھی۔ تفصیلات کے مطابق لیہ میں سفاکی کی انتہا ہو گئی۔ تین انسان نما درندوں نے تیزاب سے متاثرہ نابینا خاتون کو امدادی رقم دینے کے بہانے بلایا اور اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ ملزمان کی گرفتاری تاحال عمل میں نہیں آ سکی۔ لیہ کی رہائشی چھتیس سالہ خاتون کو پندرہ سال پہلے تیزاب گردی کا نشانہ بنایا گیا جس سے اس کی بینائی چلی گئی لیکن بدقسمتی نے پھر بھی پیچھا نہ چھوڑا۔ متاثرہ خاتون کے مطابق یونس نامی شخص نے اسے علاج کے لئے امدادی رقم دینے کے بہانے بلایا اور ویران ڈیرے پر لے گیا جہاں اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ اسے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور پھر تینوں ملزم فرار ہوگئے۔ خاتون کے شور پر مقامی لوگوں نے کوٹ سلطان پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں لیکن تاحال کسی بھی ملزم کی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی اور خود پر گزرنے والی اس قیامت کے بعد متاثرہ خاتون انصاف کی منتظر ہے۔