Thursday, May 9, 2024

لیگی قیادت لندن میں شہباز شریف کی قیادت میں کل سر جوڑ کر بیٹھے گی

لیگی قیادت لندن میں شہباز شریف کی قیادت میں کل سر جوڑ کر بیٹھے گی
December 6, 2019
 لاہور (92 نیوز) تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف ایک اور لندن پلان کی باز گشت سنائی دینے لگی۔ مسلم لیگ ن کی قیادت کا لندن میں آج ہونے والا اجلاس نوازشریف کے ٹیسٹوں کی وجہ سے ایک دن کے لیے مؤخر کر دیا گیا ہے۔ مسلم لیگ ن نے حکومتی صفوں میں بڑھتی ہوئی بے چینی سے فائدہ اٹھانے کا فیصلہ کر لیا۔ ان ہاؤس تبدیلی کے لیے مسلم لیگ حکومتی اتحادیوں سے جوڑ توڑ کرے گی۔ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف لیگی رہنماؤں کو حکومت سے ناراض اتحادی رہنماؤں سے  ابتدائی رابطوں کے حوالے سے اعتماد میں لیں گے۔ ذرائع کے مطابق لندن میں شہباز شریف لیگی رہنماؤں کو اہم ٹاسک سونپیں گے۔ مشاورت کے بعد لیگی رہنما ان ہاوس تبدیلی کے لیے اپوزیشن کی دیگر جماعتوں کو بھی اعتماد میں لیں گے۔ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کے بعد حکومت سے ناراض اتحادیوں سے بات چیت کی جائے گی۔ کامیابی کی صورت میں اپوزیشن کا مشترکہ طور پر وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا امکان ہے۔ پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پہلے ہی ان ہاوس تبدیلی کا عندیہ دے چکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ناراض اتحادیوں کی جانب سے گرین سگنل ملنے کے بعد شہباز شریف نے لیگی رہنماوں کو مشاورت کے لیے لندن طلب کیا تھا۔