Sunday, May 12, 2024

لیگی قائدین کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا شہری خود ریکارڈ یافتہ نکل آیا

لیگی قائدین کیخلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا شہری خود ریکارڈ یافتہ نکل آیا
October 6, 2020

لاہور ( 92 نیوز) لیگی قائدین کے خلاف بغاوت کا مقدمہ درج کرانے والا شہری خود ریکارڈ یافتہ نکلا ، بدر رشید کے خلاف  مختلف تھانوں میں متعدد مقدمات درج ہیں ۔ دوسری جانب بدر رشید کا تعلق پاکستان تحریک انصاف سے نکلا،ذرائع کے مطابق بدررشید پی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے۔ادھر اعجاز چودھری اورترجمان گورنر ہاؤس کی جانب سے تردید سامنے آئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق بدر رشید پراقدام قتل،اسلحہ اورکارسرکارمیں مداخلت کےمقدمات درج ہیں،اقدام قتل کے2مقدمات تھانہ شاہدرہ،ناجائزاسلحےکامقدمہ تھانہ شرقپور اور کارسرکار میں مداخلت، پولیس سے دست درازی کامقدمہ پرانی انارکلی میں درج ہے۔ بدر رشید کچھ مقدمات میں گرفتار بھی ہوا لیکن پھر رہا ہو گیا،ذرائع نے بتایا بدر پی ٹی آئی کی جانب سےیوسی چیئرمین کاالیکشن بھی لڑچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق لیگی قائدین کے خلاف مقدمہ درج کرانے والا پاکستان تحریک انصاف کا تنظیمی عہدیدار ہے،بدر رشید خان پی ٹی آئی یوتھ ونگ راوی ٹاؤن کا صدر ہے جو گورنر پنجاب کے ساتھ ملاقاتوں میں پیش پیش رہا،بدر رشید کی متعدد مقامات پر گورنر چودھری محمد سرور کے ساتھ تصاویر بھی سامنے آ گئیں۔

ادھرترجمان گورنر ہاؤس نے کہا بغاوت کے مقدمہ کے مدعی کا گورنر پنجاب سے کسی قسم کا کوئی تعلق نہیں،چودھری سرور وضعداری کے قائل ہیں مخالفین کے خلاف مقدمہ یا اس کی حوصلہ افزائی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

صدر پی ٹی آئی سینٹرل پنجاب اعجاز چودھری نے کہا بدر رشید کا تحریک انصاف کی تنظیم سے کوئی تعلق نہیں ہے،سیاستدانوں کے ساتھ عوام کی تصاویر کوئی نئی بات نہیں ہے۔