Thursday, March 28, 2024

لیگی رہنماؤں کے بیانات کے خلاف پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کرادیں

لیگی رہنماؤں کے بیانات کے خلاف پی ٹی آئی نے الیکشن کمیشن میں درخواستیں جمع کرادیں
September 23, 2016
لاہور(92نیوز)پی ٹی آئی کی طرف سے رائیونڈ جلسہ کے اعلان کے بعد حکمران جماعت کے رہنماؤں کی طرف سے تندوتیز بیانات کے تیر داغنے کا سلسلہ جاری ہے تحریک انصاف نے کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواستیں جمع کرا دیں۔ تفصیلات کےمطابق پی ٹی آئی نے وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ، ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری اور وزیرمملکت برائے پانی و بجلی عابد شیر علی کے خلاف کارروائی کے لیے الیکشن کمیشن کو درخواستیں جمع کرا دیں۔ حکومتی اراکین کے خلاف درخواستیں پی ٹی آئی کے رہنما عبد الحسیب نے جمع کرائیں۔ درخواستوں میں کہا گیا ہے کہ شہریوں کے تحفظ کا حلف لینے والے ارکان اسمبلی جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ زعیم قادری نے جانثار فورس بنا کر ٹانگیں توڑنے کی دھمکی دی جبکہ عابد شیر علی نے کہا ہے کہ رائیونڈ احتجاج ہوا تو اینٹ سے اینٹ بجا دیں گے۔ درخواستوں کے مطابق وزیرقانون پنجاب رانا ثناءاللہ نے پی ٹی آئی کی سیاست رائیونڈ کے کھیتوں میں دفن کرنے کا اعلان کیا اس لیے معاملے کی جانچ پڑتال کر کے حکومتی ارکان کے خلاف کارروائی کی جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف نے اڈہ پلاٹ میں جلسہ کے لیے ضلعی انتظامیہ کوخط بھی لکھ دیا۔ تحریک انصاف دیہی لاہو رکے صدرظہیرعباس کھوکھر کی طرف سے ڈی سی او لاہور اور سی سی پی او کو ارسال کردہ خط میں پی ٹی آئی نے اجازت مانگنے کے بجائے تیس ستمبرکے جلسے سے آگاہ کیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف تیس ستمبر کواڈہ پلاٹ پر جلسہ کررہی ہے۔ اس لیے جلسے میں آنے والے عوام اور قائدین کی سکیورٹی کابندوبست کیا جائے۔