Thursday, March 28, 2024

لیگی رہنماؤں کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے، شہباز شریف

لیگی رہنماؤں کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے، شہباز شریف
August 9, 2019
 اسلام آباد (92 نیوز) اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا لیگی رہنماؤں کی گرفتاری ثابت کرتی ہے کہ نیب اور پی ٹی آئی کا گٹھ جوڑ ہے۔ قومی اسمبلی میں اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن لیڈر شہباز شریف  نے خوب دل کی بھڑاس نکالی ۔ بولے حکومت نے قومی یکجہتی  کی فضا کو انتقام کی بھینٹ چڑھا دیا، یہ ہمیں دیوار سے لگانا چاہتے ہیں،ہم انہیں دیوار سے لگا دیں گے۔ شہبازشریف نے کہا کہ ثابت ہو گیا نیب اور پی  ٹی آئی کا آپس میں گٹھ جوڑ ہے۔ آخرمیں چیخیں ان کی نکلیں گی، اپنے مشن پر قائم  رہیں گے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ  یک طرفہ کارروائیاں قبول نہیں۔ ایوان کے اندر اور باہر ڈٹ کر مقابلہ  کریں گے۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے شہبازشریف کو جواب میں کہا گناہوں پر پردہ ڈالنے کیلئے ن لیگ اداروں کو استعمال نہ کرے۔ ن لیگ میں اکثریت سیاستدان نہیں کریمنل ہیں۔ شفقت محمود کے بعد خواجہ آصف  بھی خوب گرجے برسے اور کہا کیا احتساب صرف ان کے لیے ہے۔ مریم نواز کا کیا قصور تھا۔ انہوں نے کہا فارن فنڈنگ کا کیس کیوں پینڈنگ ہے۔ یہ بے نقاب ہو جائیں گے، جعلی اکاؤنٹس میں پیسے لے رکھے ہیں۔ شفقت محمود بولے کشمیر پر بلائے اجلاس میں یہ لوگ ذاتی باتیں لے کر بیٹھ گئے ۔ بتائیں کشمیریوں کے قاتل مودی کو وزیراعظم ہاؤس میں کس نے بلایا ۔ جندال کیسے سے آیا ۔ وزیر مملکت علی محمد خان قومی اسمبلی میں اپوزیشن پر برس پڑے۔ کہتے ہیں قوم پہچان لے کون اس ملک کو اور کون اپنی سیاست کو بچانا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا  مودی نے ہماری عزتوں سے کھیلا اور قومی اسمبلی کا حال آپ کے سامنے ہے۔ علی محمد خان مزید بولے کیسز ہم نے نہیں بنائے ۔ عدالتیں آزاد ہیں جائیں وہاں جاکر جواب دیں۔