Thursday, March 28, 2024

لیگی رہنمائوں کی نیب ہیڈکوارٹرزآمد، وزیراعظم کیخلاف درخواست دیدی

لیگی رہنمائوں کی نیب ہیڈکوارٹرزآمد، وزیراعظم کیخلاف درخواست دیدی
July 14, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) لیگی رہنماؤں کی نیب ہیڈکوارٹرز آمد، وزیراعظم عمران خان کے خلاف درخواست دے دی۔ نارووال اسپورٹس سٹی منصوبے کے فنڈز روکنے کا الزام عائد کیا گیا ہے، احسن اقبال کہتے ہیں منصوبہ روکنے سے قومی خزانے کو نقصان پہنچا، ایک بھونڈے مقدمے میں انتقامی کارروائی کرکے ان کی کردار کشی کی گئی۔ لیگی رہنماء احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کیخلاف درخواست جمع کرائی۔ انہوں نے درخواست میں موقف اپنایا کہ میرے خلاف ناروال اسپورٹس کمپلیکس میں بے ضابطگیوں کا مقدمہ دائر کیا گیا، جب 2009 یہ منصوبہ شروع ہوا تو کوئی بڑا عہدہ نہیں رکھتا تھا، نوجوانوں کو عالمی معیار کی کھیلوں کی سہولیات فراہمی کیلئے یہ منصوبہ شروع کیا گیا۔ میں نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس سے متعلق کوئی جرم نہیں کیا۔ انہون نے کہا کہ کھیلوں کے اس منصوبے کو تباہ کر کے اصل جرم عمران خان کر رہے ہیں، حکومت نے نوجوان نسل کیلئے انتہائی اہم منصوبے کے لئے فنڈز روک رکھے ہیں، بیرون ممالک سے درآمد آسٹروٹرف اور ایتھلیٹک فیلڈ پڑے پڑے خراب ہو گئے، منصوبے بروقت تکمیل نہ ہونے سے تعمیراتی لاگت میں اضافہ ہو رہا ہے، عمران خان اوران کے ساتھی اسپورٹس کمپلیکس منصوبہ تباہ کرنے پر قصور وار ہیں۔ سیاسی مقاصد کے لئے جان بوجھ کر قومی اہمیت کے حامل منصوبے کو التوا میں ڈالا گیا۔ احسن اقبال کا کہنا تھا وزیراعظم عمران خان اور ان کے ساتھیوں کی غفلت سے اربوں روپے کا نقصان ہو رہا ہے، قومی منصوبے کو جان بوجھ کر نقصان پہنچانے پر عمران خان کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ منصوبے کی لاگت میں اضافے کے ذمہ دار وزیراعظم عمران خان ہیں۔