Tuesday, May 21, 2024

لیگی رہنما رانا افضل سمیت 9 انتخابی امیدوار سوئی گیس کے 5 کروڑ کے نادہندہ

لیگی رہنما رانا افضل سمیت 9 انتخابی امیدوار سوئی گیس کے 5 کروڑ کے نادہندہ
June 23, 2018
فیصل آباد (92 نیوز) فیصل آباد میں ن لیگی رہنما رانا افضل سمیت 9 انتخابی امیدوار سوئی نادرن کے 5 کروڑ روپے سے زائد کے نادہندہ نکلے۔ نادہندگان میں سابق ایم این اے رانا افضل، سابق ایم پی اے زاہد محمود گورائیہ، عابد شیر علی کے بھائی عمران شیر علی اور پی ٹی آئی کے رہنما دلدار چیمہ شامل ہیں۔ سوئی نادرن کی رپورٹ کے مطابق سابق وزیر مملکت برائے خزانہ امور و مسلم لیگ ن کے این اے 110 سے امیدوار راناافضل خاں کے ذمہ 2 کروڑ 66 لاکھ 85 ہزار 412 روپے واجب الادا ہیں۔ سابق ایم پی اے و پی پی 107سے  امیدوار زاہد گورائیہ اپنے دو سی این جی اسٹیشنز کی مد میں مجموعی طور پر ایک کروڑ 25 لاکھ 98 ہزار 125 روپے کے ڈیفالٹر ہیں۔ سابق وزیر مملکت عابد شیرعلی کے بھائی عمران شیر علی اور تین انتخابی حلقوں سے امیدوار 55 لاکھ 79 ہزار 27 روپے کے نادہندہ ہیں جبکہ این اے 104 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سردار دلدار چیمہ دو لاکھ 16 ہزار 951 روپے واجب الادا ہیں۔ سوئی نادرن کی جانب سے پیش کردہ رپورٹ کے بعد ایف آئی اے نے متعلقہ افراد کے خلاف مقدمات درج کر لیے ۔