Thursday, May 2, 2024

سابق حکومت کا بلدیاتی بجٹ کے 25ارب روپے من پسند کاموں پر لگانے کا انکشاف

سابق حکومت کا بلدیاتی بجٹ کے 25ارب روپے من پسند کاموں پر لگانے کا انکشاف
September 16, 2018
لاہور( 92 نیوز)سابق حکومت کی شاہ خرچیوں کا ایک اور پول کھل گیا، لیگی حکومت کا بلدیاتی بجٹ کے 25 ارب روپے من پسندکاموں پر لگانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ ہزاروں بوگس نوکریوں سے بھی منظور نظر افراد کو نوازا گیا، اہم خبر روزنامہ نائنٹی ٹو نیوز کے آج کے شمارے میں شامل ہے ۔ پنجاب کے بلدیاتی محکموں کو مقروض بنانے کا لیگی حکومت کا ایک اور کارنامہ سامنے آگیا،سابق حکومت نے بلدیاتی بجٹ کے پچیس ارب روپے من پسند کاموں پر لگا دئیے ۔ ارکان  اسمبلی کو نوازنے کے لئے کابینہ سے بجٹ کی منظوری تک نہ لی گئی، صرف ایگزیکٹیو آرڈرز سے کام چلایا گیا ۔ نائنٹی ٹو نیوز کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق بلدیاتی نمائندے ترقیاتی فنڈز سے محروم رہے،جبکہ منظور نظر افراد کو ہزاروں بوگس نوکریوں سے بھی نوازا گیا۔ ذرائع کے مطابق لیگی حکومت میں بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات نہ دینے کی اصل وجہ یہی تھی کہ حکومت پنجاب بلدیاتی اداروں کا بجٹ دیگر منصوبوں پر خرچ کر کے اپنے ارکان  اسمبلی کو نواز رہی تھی، ذرائع نے بتایا کہ اس غیر قانونی استعمال سے متعلق اہم اداروں نے ثبوت حاصل کر لئے ہیں جس پر تحقیقات جاری ہیں۔