Thursday, May 9, 2024

لیڈی ڈیانا کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے

لیڈی ڈیانا کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے
August 31, 2020

لندن ( 92 نیوز) اپنی دلکشی اور فلاحی کاموں سے دنیا بھر میں نام کمانے والی لیڈی ڈیانا کو اپنے چاہنے والوں سے بچھڑے 23 برس بیت گئے۔پرنسز آف ویلز 31 اگست 1997کو پیرس میں ایک کار حادثے میں لقمہ اجل بن گئی تھیں ۔

دلکش،دل نشیں،مہربان شہزادی ڈیانا کو اپنے کروڑوں چاہنے والوں سے بچھڑے 22برس بیت گئے،  ڈیانا فرانسس نے 1961میں سینڈرنگھم  کے ممتاز اسپنسر خاندان کے ہاں جنم لیا ،29جولائی 1981کو  وہ  پرنس چارلس کی شریک حیات بنیں اور انہیں پرنسز  آف ویلز کا شاہی لقب ملا ۔

ڈیانا اور پرنس چارلس کے ہاں دو شہزادوں ولیم اور ہیری کی پیدائش ہوئی ،  شادی کے بعد لیڈی ڈیانا دنیا بھر میں اپنی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے مشہور ہوئیں۔

ڈیانا کئی خیراتی اداروں کی سرپرستی کرتی تھیں، وہ دکھی انسانوں کی دل جوئی کیلئے دنیا کے ہر کونے میں گئیں   ،  شوکت خانم کینسر اسپتال کیلئے عطیات جمع کرنے کی غرض سےلیڈی ڈیانا دوبار پاکستان بھی آئی تھیں ۔

لیڈی ڈیانا کی عائلی زندگی  کے آخری دو تین سال بہت دکھ بھرے رہے،وہ پرنس چارلس اور کمیلا پارکر کے افئیر سے بہت اپ سیٹ ہوئیں جس کا نتیجہ دونوں کے درمیان 28اگست 1996کو  طلاق کی صورت سامنے آیا۔

علیحدگی کے بعد لیڈی ڈیانا نے بھرپور عوامی زندگی گزاری ،انکا نام پاکستانی نژاد ڈاکٹرحسنات خان کیساتھ جوڑا  گیا۔ 31اگست 1997کو لیڈی ڈیانا پیرس میں اپنے دوست ڈوڈی الفائد کے ہمراہ ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئیں،انکی آخری رسومات میں لاکھوں افراد شریک ہوئے اور دنیا بھر میں انکی موت کا سوگ منایا گیا۔