Friday, April 26, 2024

لیڈی ڈیانا کو آج دنیا سے گئے اکیس برس بیت گئے

لیڈی ڈیانا کو آج دنیا سے گئے اکیس برس بیت گئے
September 2, 2018
لندن (92 نیوز) دلوں کی شہزادی لیڈی ڈیانا کو آج دنیا سے گئے اکیس برس بیت گئے۔ برطانوی شاہی خاندان کی سابقہ بہو لاکھوں دلوں کی دھڑکن تھی۔ ڈیانا سپنسر یکم جولائی انیس سو اکسٹھ کو برطانیہ کے شہر سینڈرنگھم میں پیدا ہوئیں۔ انتیس جولائی انیس سو اکیاسی کو وہ ولی عہد شہزادہ چارلس سے شادی کے بعد شاہی خاندان کا حصہ بن گئیں۔ اس خوبصورت تقریب کو دنیا بھر میں کروڑوں افراد نے دیکھا۔ شادی کے بعد ڈیانا کو پرنسس آف ویلز کہا جانے لگا۔ شہزادہ چارلس سے ان کے دو بیٹے ولیم اور ہیری ہیں تاہم ڈیانا کیلئے شاہی خاندان کا حصہ بننا خوشگوار نہ رہا جس کا نتیجہ سولہ سال بعد اگست انیس سو چھیانوے کو عليحدگی کی صورت میں سامنے آیا۔ ڈیانا نے اپنی زندگی دکھی انسانیت کیلئے وقف کررکھی تھی۔ قحط زدہ بچے ہوں یا بارودی سرنگوں سے متاثرہ افراد وہ ہر جگہ پہنچیں۔ ان کی اسی مزاج کی وجہ سے لوگ انھیں دلوں کی شہزادی کے نام سے پکارتے ہیں۔ لیڈی ڈیانا نے انیس سو پچانوے اور ستانوے میں عمران خان اور ان کی سابق اہلیہ جمائما خان کی دعوت پر پاکستان کا دورہ بھی کیا۔ لاکھوں دلوں کی دھڑکن ڈیانا کی ایک تصویر لینا میڈیا کیلئے بڑی بات تھی۔ اکتیس  اگست انیس سو ستانوے کو پیرس میں صحافیوں سے بچتے ہوئے وہ ایک ہولناک حادثے کا شکار ہوگئیں جس میں ڈیانا اور ان کا دوست ڈوڈی الفائد ہلاک ہو گئے ۔ ڈیانا کی موت دنیا کیلئے ایک بہت بڑا دھچکا تھی۔ انھیں لاکھوں اشکبار آنکھوں کے ساتھ قبر میں اتارا گیا۔