Saturday, April 20, 2024

لیونل میسی گروئن انجری کا شکار‘ اہم میچوں میں عدم شرکت سے ارجنٹائنی ٹیم افسردہ

لیونل میسی گروئن انجری کا شکار‘ اہم میچوں میں عدم شرکت سے ارجنٹائنی ٹیم افسردہ
September 26, 2016
بارسلونا (ویب ڈیسک) لیونل میسی گروئن انجری کا شکار ہو کر تین ہفتوں کیلئے میدان سے باہر ہو گئے۔ تفصیلات کے بارسلونا فٹ بال کلب کی جانب سے کھیلنے والے لیونل میسی اٹلیٹکو میڈرڈ کیخلاف میچ کے دوران گروئن انجری کا شکار ہو گئے۔ بارسلونا فٹ بال کلب نے ان کی انجری کی تصدیق کر دی ہے۔ اٹلیٹکو میڈرڈ کیخلاف میچ ایک ایک گول سے ڈرا ہونے اور میسی کی انجری پر بارسلونا کلب نے مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ گروئن انجری کے باعث میسی بورشیا اور سیلٹا ویگو کیخلاف اہم میچوں میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ دوسری جانب ارجنٹائن کے فٹ بال کوچ نے بارسلونا کو میسی کا خیال نہ رکھنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے کے باعث میسی اب ورلڈ کپ کوالیفائرز کے میچوں میں پیرو اور پیراگوئے کیخلاف نہیں کھیل سکیں گے۔ خیال رہے کہ لیونل میسی ارجنٹائن کی قومی ٹیم کی نمائندگی کرتے ہیں مگر کلب فٹ بال میں وہ بارسلونا کی جانب سے کھیلتے ہیں۔