Friday, May 10, 2024

لیوئس گریگری نے ملتان سلطانز سے یقینی فتح چھین کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جھولی میں ڈال دی

لیوئس گریگری نے ملتان سلطانز سے یقینی فتح چھین کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جھولی میں ڈال دی
February 21, 2021

کراچی ( ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے تیسرے میچ میں ملتان سلطانز اور اسلام آباد یونائیٹڈ مد مقابل ہوئیں ، جہاں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ملتان سلطانز کو تین وکٹوں سے شکست دیدی۔

اسلام آباد یونائیٹڈ نے  ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو پہلے بلے بازی کی دعوت دی جنہوں نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنا ڈالے ۔اسلام آباد یونائیٹڈ نے 151 رنز کا ہدف  انیسویں اوور کی آخری گیند پر حاصل کرلیا۔ لیوئس گریگری نے ملتان سلطانز سے یقینی فتح چھین کر اسلام آباد یونائیٹڈ کی جھولی میں ڈالی۔

 اسلام آباد یونائیٹڈ کی دعوت پر ملتان سلطانز نے پہلے بلے بازی کی ، ملتان سلطانز کی جانب سے آغاز اچھا فراہم نہ کیا جا سکا اور اوپنر کرس لینن صرف ایک رن بنا کر فہیم اشرف کی گیند پر وکٹ کیپر کو کیچ تھما بیٹھے ۔اوپنر  محمد رضوان نے  ٹاپ آرڈر جیمز وینس کے ساتھ 48 رنز کی شراکت داری قائم کی  جہاں جیمز 16 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے ۔

ملتان سلطانز کی تیسری وکٹ  ریلی روسو کی صورت میں  گری جنہوں نے  جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے 14 گیندوں پر دو چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے ۔

صہیب مقصود ٹیم کی امیدوں پر پورا نہ اتر سکے اور دو رنز بنا کر چلتے بنے ، خوشدل شاہ 7 رنز پر آؤٹ ہوئے ۔

اوپنر آنے والے محمد رضوان نے 53 گیندوں پر 2 چھکوں اور 8 چوکوں کی مدد سے 71 رنز بنائے اور ٹیم کی جانب سے ٹاپ اسکورر رہے ۔

کارلوس بریتھویٹ نے ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 22 رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ شاہد آفریدی صفر ، سہیل تنویر چار رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے محمد وسیم نے تین ، لیوئس گریگری نے 2، حسن علی ، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔

151 رنز کے ہدف کے حصول کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے محتاط انداز بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور پہلی وکٹ 30 کے اسکور پر گنوائی جہاں اوپنر فل سالٹ محمد عمر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو ئے ، انہوں نے12 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 13 اسکور بنائے ۔

شاداب خان ذمہ دارانہ اننگز نہ کھیل سکے اور صرف پانچ اسکور کر کے  بریتھویٹ کی گیند پر  کیچ تھما کر پویلین لوٹ گئے ۔اوپنر ایلکس ہیلز نے 20 گیندیں کھیل کر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز بنائے ، وہ شاہد آفریدی کی گیند پر کلین بولڈ ہوئے ۔

آصف علی 9،افتخار احمد ایک ،طلعت حسین 10 رنز بنا کر چلتے بنے ۔

فہیم اشرف  اور لیوئس گریگری نے  جارحانہ بلے بازی کی ، فہیم اشرف نے 12 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے قیمتی 22 رنز بنائے ، جبکہ لیوئس گریگری 31 گیندوں پر ایک چھکے اور 6 چوکوں کی مدد سے 49 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے ۔

دو وکٹیں لینے اور قیمتی 49 رنز بنانے پر لیوئس گریگری پلیئر آف دی میچ بھی قرار پائے ۔