Friday, April 26, 2024

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان کئی گھنٹے سے بند ، سیکڑوں سیاح پھنس گئے

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان کئی گھنٹے سے بند ، سیکڑوں سیاح پھنس گئے
July 26, 2019

بالاکوٹ (92 نیوز) لینڈ سلائیڈنگ کے باعث شاہراہ کاغان کئی گھنٹے سے بند ہے۔ راستے بند ہونے کی وجہ سے سیکڑوں سیاح پھنس گئے۔

ناران کے علاقے جل کھڈ اور بڑوئی میں شدید بارشوں کے بعد لینڈ سلائیڈنگ ہوئی جس میں سیاحوں کی ایک گاڑی زد میں آگئی جس کے نتیجے میں دو بچے جاں بحق ہو گئے۔ متاثرہ گاڑی سے بہن بھائی کی لاشیں نکال کر اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔

لینڈ سلائیڈنگ کے باعث راستے بند ہونے سے سیکڑوں سیاح گزشتہ کئی گھنٹوں سے محصور ہیں۔ انتظامیہ نے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو نکالنے اور امدادی کارروائیوں کیلئے ہیلی کاپٹر کی اپیل کر دی۔

صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی کا کہنا ہے کہ کئی جگہوں پر لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ۔ پورے پورے پہاڑ گرتے ہیں انہیں اٹھانے کیلئے وقت چاہیے۔ روڈ کھولنے کا کام جاری ہے۔

 ضلع ناظم مانسہرہ کہتے ہیں آسمانی بجلی کی وجہ سے لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، تمام اداروں کو متحرک کر دیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بالا کوٹ کا کہنا ہے محصورین تک خوراک پہنچانا اولین ترجیح ہے۔

 ادھر خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں نے تبای مچا دی۔ بچے اور خاتون سمیت تین افراد جاں بحق ہو گئے۔ بونیر میں نوجوان، شانگلہ میں خاتون اور ایبٹ آباد میں پانچ سالہ بچہ سیلابی ریلے میں بہہ گیا۔ مختلف واقعات میں نو افراد زخمی جبکہ چار گھر تباہ ہوگئے۔ لینڈ سلائیڈنگ  کے باعث دیر کمراٹ روڈ گزشتہ روز سے بند ہے۔