Monday, September 16, 2024

لیسکو کے نادہندہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھر کی بجلی منقطع

لیسکو کے نادہندہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھر کی بجلی منقطع
February 7, 2016
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) لاہور میں بجلی کے بڑے نادہندگان کی بھی شامت آگئی، لیسکو نے چالیس لاکھ روپے کے نادہندہ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے ایم این اے اور ایم پی اے کے گھر کی بجلی کاٹ دی۔ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی نے بجلی نادہندگان کے کنکشن منقطع کرنا شروع کر دیئے ہیں۔ چالیس لاکھ روپے کی نادہندگی کے باعث مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی افضل کھوکھر اور رکن صوبائی اسمبلی سیف کھوکھر کے رائے ونڈ میں واقع کھوکھر پیلس کی بجلی منقطع کر دی گئی۔ لیسکو حکام کا کہنا ہے کہ کھوکھر برادران کے ذمے 40 لاکھ سے زائد کے بل واجب الادا تھے۔ بار بار یاددہانی کے نوٹس جمع کروانے کے باوجود بل ادا نہیں کیا گیا جس پر وفاقی وزیر مملکت عابد شیر علی کی منظوری کے بعد کھوکھر برادران کے گھر کی بجلی کاٹ دی گئی ہے۔ واجبات کی ادائیگی پر کنکشن بحال کر دیا جائے گا۔