Sunday, September 8, 2024

لیسکو اور فیسکو کی نجکاری کےخلاف ملازمین کے مظاہرے، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلانے کا اعلان

لیسکو اور فیسکو کی نجکاری کےخلاف ملازمین کے مظاہرے، احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلانے کا اعلان
August 26, 2015
لاہور / فیصل آباد (92نیوز) لیسکو اور فیسکو کی نجکاری کیخلاف ہزاروں ملازمین ایک مرتبہ پھر سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے کہا کہ فیصلہ عوام اور ملک کیلئے نقصان دہ ہے، حکومت نظر ثانی کرے۔ تفصیلات کے مطابق لیسکو اور فیسکو کی نجکاری کیخلاف لاہور اور فیصل آباد میں ملازمین نے احتجاجی مظاہرے کیے اور دفاتر کی تالہ بندی کی گئی۔ لاہور میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے زیراہتمام پریس کلب کے سامنے مظاہرے میں حکومت کے خلاف شدیدنعرے بازی کی گئی۔ احتجاج کرنیوالے لیسکو ملازمین نے ادارے کی نجکاری نہ کرنے کا مطالبہ ایک مرتبہ پھردہرایا۔ مظاہرین نے کہا کہ حکومت کراچی سے سبق سیکھے اور منافع بخش ادارے سیٹھوں کے حوالے نہ کرے۔ مظاہرے کی قیادت کرنیوالے آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے صدر خورشید احمد نے کہا کہ حکومت مذاکرات کی میز پر آئے ورنہ احتجاج پورے ملک میں پھیلا دینگے اور ضرورت پڑی تو دھرنا بھی دینگے۔ مظاہرین نے احتجاج کیلئے اکٹھے ہونے سے پہلے لیسکو کے تمام دفاتر کی تالہ بندی کی جس کی وجہ سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ دریں اثنا فیسکو کی نجکاری کے خلاف تمام دفاتر کی تالہ بندی کی گئی اور تمام دفاتر کے باہر احتجاجی کیمپ لگائے گئے۔ اس موقع پر ملازمین نے حکومت کیخلاف نعرے بازی بھی کی۔ فیسکو ملازمین کا کہنا تھا کہ وہ ملکی معیشت کا سودا کسی قیمیت نہیں ہونے دیں گے۔ اس موقع پر ملازمین کی جانب سے قلم چھوڑ ہڑتال کا اعلان بھی کیا گیا جبکہ ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت اپنے وعدوں کی پاسداری کرے اور ملک کو اندھیروں میں دھکیلنے کی بجائے روشنیوں میں لایا جائے۔ مظاہرین نے کہا اگر ہمارے مطالبات نہ مانے گئے تو احتجاج کا دائرہ پورے ملک میں پھیلا دینگے۔