Monday, September 16, 2024

لیبیا کےساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں سے خاتون اور بچے سمیت 18پاکستانی جاں بحق

لیبیا کےساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں سے خاتون اور بچے سمیت 18پاکستانی  جاں بحق
February 3, 2018

لیبیا ( 92 نیوز ) لیبیا کےساحل پر ڈوبنے والی کشتی میں خاتون اور بچے سمیت 18  پاکستانی  جاں بحق  ہو گئے ہیں ۔

گجرات کے ایک ہی خاندان کے چار افراد سمیت منڈی بہاوالدین ،سرگودھا   اور راولپنڈی کے رہائشی  افراد نے غربت سے نجات کی ٹھانی اور یورپ   جانے  کی خواہش میں  انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھ گئے۔

اچھے دنوں  کی امید میں  یہ افرادغیر قانونی طریقے سے مختلف ممالک میں سفر کی صعوبتیں  جھیلتے لیبیاپہنچے اورسمندر کے راستے  یورپ  کی طرف روانہ ہوگئے  ،مگر کیا پتہ تھا کہ موت ان کی منتظر ہے ۔

کشتی سمندر میں ڈوب گئی اور 90 افراد بے رحم موجوں کا شکار بن گئے۔دفتر خارجہ کے مطابق مرنے والے 18 پاکستانیوں میں ایک خاتون اور پانچ سالہ بچہ بھی شامل ہے۔جاں بحق ہونے والے 12 پاکستانیوں کی شناخت ہوگئی۔

گجرات کا محمد اسماعیل اپنی اہلیہ عظمت بی بی، بیٹے سعد اور بھائی رحمت سمیت جاں بحق ہو گیا جبکہ اسماعیل کی ایک ماہ کی بیٹی بھی ہمراہ تھی،  جس کی لاش تاحال نہیں مل سکی۔

آئے روز غیر قانونی طور پر یورپ جانے والے کبھی دہشتگردوں کے ہاتھوں مر رہے ہیں تو کبھی ان کو سمندر برد کیا جا رہے ۔جبکہ انسانی حقوق کے چیمپئن خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔آخر کب تک سادہ لوح شہری شکار بنتے رہیں گے۔