Sunday, September 8, 2024

لیبر اصلاحات بل نامنظور ہونے پر آسٹریلین وزیراعظم کی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی دھمکی

لیبر اصلاحات بل نامنظور ہونے پر آسٹریلین وزیراعظم کی پارلیمنٹ تحلیل کرنے کی دھمکی
March 21, 2016
سڈنی (ویب ڈیسک) آسٹریلین وزیراعظم میلکم ٹرن بل نے پارلیمنٹ کے آئندہ اجلاس میں لیبر اصلاحات کا بل منظور نہ ہونے کی صورت میں پارلیمنٹ کے دونوں ایوان تحلیل کر کے انتخابات کرانے کا عندیہ دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق میکلم ٹرن بل کا کہنا تھا پارلیمنٹ نے آئندہ ماہ لیبر اصلاحات کی منظوری نہ دی تو وہ قبل از وقت انتخابات کا ڈول ڈالیں گے جس کیلئے بجٹ تین مئی کو منظور کرا لیا جائیگا۔ انہوں نے یہ اعلان آسٹریلین سینیٹ سے طویل اجلاس کے دوران ووٹنگ اصلاحات کی منظوری کے بعدکیا۔ ان کا کہنا تھا انہوں نے گورنر جنرل سے ملاقات کی ہے اور ان سے کہہ دیا ہے کہ اگر آسٹریلین بلڈنگ اینڈکنسٹرکشن اور لیبر ریفارمز بل منظور نہ ہوں تو وہ اٹھارہ اپریل میں دنوں ایوان تحلیل کردیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ سینیٹ تیزی سے قانون سازی نہ کرے تو اسے تحلیل کر دیا جائے اور انہیں اس پر کوئی شرمندگی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا سینیٹ قانون سازی کے عمل میں رکاوٹیں ڈالنے کی بجائے تیزی سے قانون سازی کرے۔ ایسا نہیں ہوتا تو وہ پارلیمنٹ تحلیل کر دیں گے اور جولائی کو انتخابات کرائیں گے اور پارلیمنٹ گیارہ مئی تک تحلیل کر دی جائیگی۔